غریب اور کم آمدنی والے طبقہ کے لئے بچت میں60ارب روپے مختص کرنے کا اصولی فیصلہ

پیر 9 جون 2008 16:01

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09جون2008 ) آئندہ وفاقی بجٹ میں غریب اور کم آمدنی والے طبقے کے لئے مختلف شعبوں میں60ارب روپے سے زائد رقم مختص کیے جانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق غریبوں کی نقد امداد کی تجویز کی انتہائی اعلیٰ سطح پر منظوری دے دی گئی ہے تاہم یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ یہ رقم ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر فراہم کی جائے۔

70لاکھ غریب ترین افراد کو ماہانہ500سے1000یا ہر تین ماہ بعد1000سے2000روپے نقد دینے کی تجویز ہے اسی طرح یوٹیلٹی سٹورز سے خریداری کے لئے بھی غریب افراد کو خصوصی کارڈ فراہم کیے جائیں گے جس کے لئے حکومت سبسڈی فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ زکوٰة کی مد میں مستحقین کو ادا کی جانے والی رقم اس کے علاوہ ہوگی وفاقی حکومت کے چھوٹے سکیل کے ملازمین اور ملک بھر کے رہائش سے محروم افراد کو مکانات کی فراہمی کے لئے بھی وزارت ہاؤسنگ نے تقریباً10ارب روپے کی اضافی رقم وفاقی حکومت سے طلب کی ہے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حکومت غریب طبقے کے لئے ماضی کے مقابلے میں زیادہ رقم مختص کرنے کی خواہش مند ہے جبکہ مختلف مدات میں سبسڈی کی رقم بھی بڑھائی جارہی ہے وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ مختلف اشیائے ضروریہ کے ضمن میں غریبوں اور عام آدمی پرٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کی تجویز کو حتمی شکل دے دی گئی تاہم یہ بوجھ امیروں اور بڑے اداروں پر منتقل کیاجائے گا تاکہ حکومت کو اضافی خسارے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :