بھارت میں 50 فیصد صارفین ڈاکٹر کے مشورہ کے بغیر میڈیکل سٹورز سے ادویات خریدتے ہیں،سروے رپورٹ

پیر 11 جولائی 2016 13:28

ممبئی ۔ 11 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جولائی۔2016ء) بھارت میں میڈیکل سٹورز سے ادویات خریدنے والے 50 فیصد صارفین نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ڈاکٹر کے مشورہ کے بغیر ادویات خریدتے ہیں۔ بھارتی این جی اوز کنزیومر آن لائن فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ سروے رپورٹ کے مطابق 36فیصد بھارتی شہریوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ خریدی گئی ادویات کا بل بھی نہیں بنواتے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ادویات کی خریداری نہ صرف صحت عامہ کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے بلکہ اس سے جعلی ادویات کی فروخت کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔ جعلی ادویات کی اس طرح فروخت سے سرکاری حکام ان کی فروخت کو روکنے اور ان کو تیار کرنے والوں کا پتہ لگانے میں بھی ناکام رہتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اینٹی بائیو ٹیکس اور نیند لانے کی ادویات جن کی ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر خرید وفروخت قانوناً منع ہے،کی فروخت بھی جاری ہے رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ اس حوالے سے عوام میں شعور پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :