پی آئی سی میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران آؤٹ ڈور میں 112658اور ایمرجنسی میں 70709مریضوں کا علاج کیا گیا

جمعہ 15 جولائی 2016 14:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جولائی ۔2016ء) پنجاب انسٹی ٹیو ٹ آف کارڈیالوجی دل کے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشا ں ہے اور گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں ایک لاکھ 12ہزار658مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا جبکہ شعبہ ایمرجنسی میں محدود بیڈز کے باوجود 70ہزار 709مریضوں کا فوری علاج کیا گیا۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیات ملک نے اپنے ادارے کی چھ ماہ کی کارکردگی بارے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پی آئی سی میں پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے بھی مریض علاج کیلئے آتے ہیں او رہم اپنے محدود وسائل کے باوجود کسی کو علاج کی سہولت سے محروم نہیں کرتے ۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی سی پر پیشنٹ لوڈ بہت زیادہ ہے جسے بہتر ریفرل سسٹم کے ذریعے کم کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔پروفیسر ندیم حیات ملک نے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہسپتال میں 14ہزار40مریضوں کو داخل کیا گیا جبکہ 8ہزار 932چھوٹے آپریشن اور پروسیجر ز کئے گئے۔مزید برآں پی آئی سی میں چھ ماہ کے اندر ایک ہزار ایک سو 71میجر سرجریز کی گئیں جو ایک ریکارڈ ہے ۔

پروفیسر ندیم حیات ملک کا کہناتھا کہ آؤٹ ڈور میں روزانہ اوسطا 15سو سے دو ہزار مریضوں کو ایک ماہ کی ادویات مفت دی جاتی ہیں اور اس لحاظ سے پی آئی سی کو یہ منفر د اعزاز حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے سرکاری یا خود مختار ہسپتال میں اتنے زیادہ مریضوں کو آؤٹ ڈور میں مفت دوائی فراہم نہیں کی جا تی تاہم پنجا ب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اپنی یہ روایت گزشتہ کئی سالوں سے برقرار رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ عنوان :