حکمرانوں نے صوبائی سطح پر تصادم پید اکرکے قوم میں بد ترین طبقاتی تقسیم پید اکردی ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی لیبر ونگ پنجاب کے صدر سید مشتاق حسین شاہ سے ٹیلی فون پر گفتگو

جمعرات 28 ستمبر 2006 19:12

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 28ستمبر2006 ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف نے کہاہے کہ ملک میں جمہوریت7 سال پہلے دم توڑ گئی تھی‘غیر نمائندہ حکمرانوں کے کئے گئے فیصلے نہ صرف سیاسی حکمت عملی سے آری ہیں بلکہ ان کی سازشوں سے ہماری قومی یکجہتی پارہ پارہ ہوچکی ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے جمعرات کے روز مسلم لیگ (ن) پنجاب لیبرونگ کے صدر سید مشتاق حسین شاہ کے ساتھ لندن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے سید مشتاق حسین شاہ سے ان کے ساتھ پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر اظہار ہمدرد ی کی اورخیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی سلامتی کی دعا کی۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ وطن عزیز کے حالات اس قدر خراب ہوچکے ہیں کہ ان غیر آئینی حکمرانوں کے مغربی آقا ہمارا قومی ایجنڈا مرتب کررہاہیں او راقتدار پر قابض لو گوں کی بے حسی کاعالم یہ ہے کہ اس ایجنڈے کی نہصر ف تائید کرر ہے ہیں بلکہ امریکہ کے مفادات کے تحفظ پر اپنی قوم تک کو غلام بنانے پر رضا مندہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آمریت پر وردہ قوتیں ملکی مسائل کو حل نہیں کرسکتیں ‘ان کے چھوڑے ہوئے منفی اثرات کے نتائج پوری قوم کے بھگتنا پڑیں گے ۔حکمرانوں نے صوبائی سطح پر تصادم پید اکرکے قوم میں بد ترین طبقاتی تقسیم پید اکردی ہے ‘بلوچستان میں سنگین حالات پیدا کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 12اکتوبر 1999ء کے بعد لاقانونیت اور کرپشن ہمارے معاشرتی ڈھانچے میں ناسور کی طرح پھیل گئی ہے ،جمہوری روایات کا گلہ گھونٹنے والوں نے ٹریڈ مافیا کی سرپرستی کرکے ملک کو لاقانونیت اور میگا سکینڈل کی زد میں دے دیاہے۔

دوسری طرف یہودی لابی کی خونخوار نظریں میرے وطن پر لگی ہوئی ہیں ان غیر آئینی قوتوں نے گذشتہ 7 سال سے پاکستان کے جمہوری ایوانوں میں بے ہنگم شور برپا کرکے قوم کی توجہ اہم قومی ایشوز سے ہٹادی ہے۔انہوں نے کہاکہ قابض حکمران ٹولے نے اسلام اور آئین سے متصادم پالیسیاں بنا کر ملک میں فحاشی کا ایک راستہ کھول دیاہے۔ ترمیمی بل میں حدود اور اسلامی تعزیرات کو الگ کرکے اسلامی روح اور حیثیت کو ختم کرنے کی ناپاک جسارت کی ہے۔

یہ حکمرانوں کی طرف سے ملک میں بے حیائی پر مبنی روشن خیال معاشرہ قائم کرنے کی ایک اہم پیشرفت ہے ۔انہوں نے کہاکہ جنرل مشرف نے اپنی کتاب پر اپنے بیرونی آقاؤں سے داد تو لے لی ہے مگر پاکستان کے وقار اور عزت کا دیوالیہ نکال دیاہے جس پر تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی ۔