محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے زیر اہتمام ڈینگی آگاہی سیمینار او ر واک منعقد کی گئی

ہفتہ 23 جولائی 2016 15:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت الما ل کے زیر اہتمام ڈینگی ڈے کے موقع پر آگاہی سیمینار اور واک منعقد کی گئی ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر وحید اختر انصاری نے شرکاء کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات سے آگا ہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی بخار سے بچاؤ کا بہترین حل حفاظتی اقدامات ہیں ۔

انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے گھر کے اندر اور اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک و صاف اور صاف پانی جمع کرنے کے برتنوں کو صاف صحیح طور پر ڈھانپ کر رکھنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مچھروں سے بچاؤ کے لئے میٹ ،کوائل اور مچھر بھگاؤ اور لوشن استعمال کریں اوربخار کی صورت میں قریبی سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں ۔

(جاری ہے)

ڈی جی سوشل ویلفیئر نے کہا ڈینگی کی روک تھا م کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے ،اس مہم میں این جی اوز کی سرگرمیاں بھی قابل ستائش ہیں ۔

وحید اختر انصاری نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں تحصیل لیول تک این جی اوز کے تعاون سے ڈینگی کے خلاف شعور پھیلانے کے لئے بھی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا ہے ۔سیمینار کے بعد شرکاء نے محکمہ سوشل ویلفیئر ہیڈ آفس سے پریس کلب تک آگاہی واک کی،شرکاء نے ڈینگی سے بچاؤ کے بینرز اٹھا رکھے تھے -اس موقع پر ڈی جی سوشل ویلفیئر نے عوام الناس میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :