ایڈیشنل سیکرٹری زراعت کی قیادت میں اینٹی ڈینگی واک کا انعقاد‘سیمیناربھی منعقد کیا گیا

ہفتہ 23 جولائی 2016 15:35

لاہور۔23 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 جولائی۔2016ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب میں ڈینگی مچھر کے خلاف آگاہی مہم کے تحت حسین سردار ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) کی قیادت میں سول سیکرٹریٹ پنجاب ، ایگریکلچر ہاؤس، ڈیوس روڈاورٹھوکرنیاز بیگ میں واک کا اہتمام کیا گیا۔زراعت ہاؤس میں ڈینگی مچھروں کے تدارک کے متعلق آگاہی سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر قربان علی سندھو ڈائریکٹر جنرل (فیلڈ) اور ملک محمد اکرم ڈائریکٹر جنرل (واٹر مینجمنٹ)کے علاوہ محکمہ زراعت پنجاب کے اعلیٰ افسران اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

چوہدری خالد محمود، ڈائریکٹر جنرل زراعت(پیسٹ وارننگ)پنجاب نے سیمینار کے شرکاء کو بتایا کہ زرعی سائنسدانوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ڈینگی مچھر کے خاتمہ کی مہم کو کامیاب بنایا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں شعبہ حشرات کے ماہرین نے پنجاب بھر میں ڈینگی مچھر کے انسانی صحت کو درپیش خطرات کے خلاف آگاہی مہم میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ مون سون بارشوں کے دنوں میں چھتوں، گھروں میں موجود ائیر کولروں ، گملوں ، ٹائروں، پرندوں کے برتنوں اور گھرکے صحن میں آرائشی پودوں میں کھڑا پانی ڈینگی مچھرکی افرائش کا باعث بنتا ہے۔ ڈینگی مچھر کھڑے پانی میں 7 سے14 ایام میں اپنی افزائش مکمل کرتا ہے ۔انہوں نے سیمینار کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر اور گھروں میں صفائی اور ستھرائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جاسکے۔

شعبہ حشرات کے زرعی سائنسدانوں اور ماہرین نے ڈینگی کے خاتمہ کے لیے غیر کیمیائی طریقے وضع کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی زہروں کی نشاندہی کی ہے جن کے استعمال سے ڈینگی مچھروں کا تدارک آسان ہوگیا ہے ۔ ڈینگی مچھروں کی پہچان ، دوران زندگی اور افزائش نسل کی جگہوں کی تفصیلات سے آگاہی سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔

متعلقہ عنوان :