پولیو ویکسی نیشن کے عمل میں ہر سطح پر غیر معمولی سیکیورٹی یقینی بنا ئی جا ئے ،آئی جی سندھ

ہفتہ 23 جولائی 2016 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو احکامات جاری کیے ہیں کہ پولیو ڈراپس مہم کے موقع پر یونین کونسلز کو کیٹیگریز میں تقسیم کرکے سیکیورٹی کے تمام تر اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق مورخہ 25 جولائی سے کراچی میں شروع ہونے والی پولیو ڈراپس مہم کے دوران سیکیورٹی اقدامات سے متعلق آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ حساس یونین کونسلز میں پولیو ڈراپس عملے ، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ان پر مشتمل ٹیموں کی حفاظت کے لیے پولیس کمانڈوز کی ڈپلائمنٹ کے تحت سیکیورٹی حصار حکمت عملی اختیار کی جائے جبکہ آس پاس واطراف کے علاقوں ، گلیوں و راستوں وغیرہ پر کڑی نگرانی کے عمل کو تھانوں کے لحاظ سے یقینی بنایا جائے تاکہ گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو ڈراپس پلانے کے مجموعی اقدامات کو موُثر اور کامیاب بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے زونل ڈی آئی جیز کو متعلقہ اضلاع میں پولیس گشت ، اسنیپ چیکنگ ، ریکی ناکہ بندی اقدامات مذید سخت کرنے اور ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن سسٹم کو ٹھوس اور مربوط بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی ایس ایس پیز کو پولیو ڈراپس مہم کے سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کا ناصرف پابند بنایا جائے بلکہ مہم کے تمام دنوں میں ایس ایچ اوز کی علاقوں میں موجودگی اور متعلقہ وائرلیس کنٹرول بیسز پر لمحہ بہ لمحہ رپورٹ نوٹ کرانے کے حوالے سے بھی خصوصی تاکید کی جائے ۔آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی فرائض پر مامور افسران اور جوانوں کے لیے رہائش اور طعام کے خصوصی اقدامات کو ضلعی سطح پر یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :