ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کا عالمی دن 28 جولائی کو منایا جائے گا

منگل 26 جولائی 2016 15:00

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 جولائی۔2016ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کا عالمی دن 28 جولائی کو اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گا کہ ملک بھر سے اس بیماری کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے اور لوگوں میں اس بیماری سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے گا۔ بیماری کا شعور نہ ہونے کے سبب 20 افراد میں سے صرف ایک شخص اس بات سے آگاہ ہوتا ہے کہ اسے ہیپاٹائٹس کا مرض ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی ڈائریکٹر جنرل مارگریٹ چن کے مطابق دنیا میں ہیپاٹائٹس کے مرض کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ایچ آئی وی ایڈز اور ٹی بی جیسے مہلک امراض کے خاتمہ کی طرح ہیپاٹائٹس کے مرض سے نمٹنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں، اس وقت دنیا میں 40 کروڑ افراد کو ہیپاٹائٹس بی اور سی کا مرض لاحق ہے۔

(جاری ہے)

یہ تعداد ایچ آئی وی سے 10 سے گنا زیادہ ہے، 2013ء میں اس بیماری کے سبب 14 لاکھ سے زائد افراد کا شکار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کی کوئی ویکسین نہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ابتدائی سطح پر بیماری کی تشخیص اور موٴثر علاج معالجہ کے باعث مریض کی جان بچائی جا سکتی ہے اور وہ صحت مند ہو کر مفید زندگی گزار سکتا ہے تاہم کئی ممالک میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث لوگوں کو علاج معالجہ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر برائے انسداد ایچ آئی وی ایڈز ڈاکٹر گوڈ فرائڈ نے کہا کہ ہمیں ہیپاٹائٹس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے اور ہسپتالوں میں مناسب اقدامات کرنے کے ساتھ ویکسین کی فراہمی اور دیگر ضروری قدامات کو ضروری بنانا ہوگا۔