ہیپا ٹائٹس کا عالمی دن،شیخ زاید ہسپتال میں شعبہ امراض معدہ و جگر کے زیر اہتمام آگاہی واک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 جولائی 2016 17:39

لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی پی اے۔28جولائی2016ء):ہیپا ٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر شیخ زاید ہسپتال میں پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان، چیئرمین اینڈ ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس کی سربراہی میں اور شعبہ برائے امراض معدہ و جگر کے زیر انتظام ہیپاٹائٹس کے مرض کے بارے میں آگہی و شعور بیدار کرنے کیلئے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

بعد ازاں کڈنی سینٹر آڈیٹوریم میں ایک سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں ڈاکٹر کاشف ملک ، ایسوسی ایٹ پروفیسر نے ہیپا ٹائٹس بی اور سی سے بچاؤ ، علامات اور اس کے علاج و معالجہ کے حوالے سے اور ڈاکٹر عاکف دلشاد ، اسسٹنٹ پروفیسر نے ہیپاٹائٹس اے اور ای کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی لیکچرز فراہم کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ، پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان، چئیرمین اینڈ ڈین کا کہنا تھا کہ " پرہیز علاج سے بہتر ہے" اس وقت پاکستان میں کل آبادی میں سے تقریباََ10فیصد عوام ہیپاٹائٹس کے مہلک مرض کا شکار ہیں، ہیپا ٹائٹس جگر کے علاوہ صحت کے حوالے سے دیگر سنگین مسائل پیدا کرسکتا ہے اس لئے ہمیں چاہئے کہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، وقت پر ہیپا ٹائٹس کی ویکسینیشن کروائی جائے، غیر تصدیق شدہ خون کا انتقال کروانے سے بچا جائے، گندی سرنجز کااستعمال، جنسی بے راہ روی ، گندے کھانے اور پانی کے استعمال، عطائی دندان سازوں اور حجام کے گندے اوزاروں سے بچیں تاکہ اپنی اور دوسرے لوگوں کی صحت اور زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

اگر علامات ظاہر ہوں تو فوراََ مستند ڈاکٹر سے رجوع کرکے مکمل تشخیص اور علاج و معالجہ کروا یا جائے۔ آخر میں انہوں نے ہیپاٹائٹس کے حوالے سے مفید معلوماتی سیمینار کا انعقاد کرنے پر تمام منتظمین کی کاوشوں کو بھی خوب سراہا۔