بہاولپور میں کانگو وائرس کا مریض سامنے آنے پر ضلع میں الرٹ جاری

محکمہ صحت اور عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے موقع پر حفاظتی اقدامات شروع کر دئیے،کانگو کے مریضوں سے رابطہ میں رہنے والے افرادکو آئسولیٹ کر دیا گیا،تمام افراد کے خون کے نمونے تجزیہ کے لئے این آئی ایچ اسلام آباد روانہ کر دئیے‘ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 29 جولائی 2016 20:52

بہاولپور میں کانگو وائرس کا مریض سامنے آنے پر ضلع میں الرٹ جاری

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں کانگو وائرس کے مریض سامنے آنے پر فوری طور پر محکمہ صحت کے سینئر پروفیسرز پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو تمام صورتحال کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی ،متاثرہ افراد سے رابطہ میں رہنے والے تمام افراد کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اور وائرس کا انکوبیشن پیریڈ مکمل ہونے تک مذکورہ افراد کو زیر نگرانی رکھا جائے گا تاکہ مرض کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

محکمہ صحت اور عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے حفاظتی انتظامات شروع کر دئیے ہیں۔اس سلسلہ میں سول سیکرٹریٹ میں مشیر صحت کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

جس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلما ن شاہد اور متعدی امراض کی روک تھام کے شعبہ کے ڈاکٹروں نے شرکت کی۔

ڈی جی ہیلتھ نے اجلاس کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال لودھراں کی ایک سٹوڈنٹ نرس پیٹ میں شدید درد کے ساتھ بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں آئی جہاں اس کا آپریشن کیا گیا تاہم مریضہ جانبر نہ ہو سکی۔چاردن کے بعد مریضہ کا آپریشن کرنے والے سرجن ڈاکٹرصغیر ہیمریجک بخار کی علامات کے ساتھ کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں داخل ہوگئے جہاں ان میں کانگو وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں ایک ہاؤس سرجن میں بھی کانگو وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔ڈاکٹر مختار حسین سید نے بتایا کہ دونوں ڈاکٹرز میں کانگو وائرس کی علامات کی تصدیق کے بعد ضلع لودھراں اور بہاولپور میں الرٹ جاری کر دیا ہے اورسٹوڈنٹ نرس اور ڈاکٹرز سے رابطہ میں رہنے والے افراد کو Quarintine میں رکھا گیا ہے تاکہ اگر مذکورہ افراد میں اس قسم کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ان کا علاج کیا جا سکے۔

مزید براں محکمہ صحت اور ڈبلیو ایچ او کے ماہرین جن میں وبائی امراض کی روک تھا م کے ڈاکٹرز بھی شامل ہیں نے حفاظتی اقدامات شروع کر دئیے ہیں اور آئسولیشن میں رکھے تمام افراد کے خون کے نمونہ جات تجزیہ کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کو بجھوادئیے ہیں۔ہسپتال میں ڈاکٹرز ،نرسز کو کانگو سے متاثرہ افراد کے علاج کے دوران اپنی حفاظت کے لئے حفاظتی کٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے جو ہسپتال میں وافر مقدار میں موجود ہیں۔

محکمہ صحت دونوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی رابطہ میں ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے ڈی جی ہیلتھ کو ہدایت کی ہے کہ صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور بیماری پر قابو پانے کے لئے عالمی ادارہ صحت کے SOPs کے مطابق تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔محکمہ صحت پنجاب نے محکمہ لائیو سٹاک کے حکام سے رابطہ کرکے انہیں ضلع لودھراں اور بہاولپور میں پالتو جانوروں اور مال مویشیوں میں پائے جانے والے چچڑوں (Ticks)کے خاتمے کی مہم فوری طور پر شروع کرنے کے لئے کہا ہے۔

متعلقہ عنوان :