مشیر صحت پنجاب کی صوبے میں تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کو پانی کے ریزروائر میں جراثیم کش ادویات ڈالنے کی ہدایت

ہفتہ 30 جولائی 2016 16:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام اضلاع کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی ہے کہ شہروں کو پانی سپلائی کرنے والے پانی ریزوروائر اور ٹینکوں میں جراثیم کش ادویات کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی جگہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا امکانات کو ختم کیا جاسکے ۔

انہوں نے اس حوالے سے ایک سٹڈی کرانے کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں پیر اشرف رسول ایم پی اے ،تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز ،ایڈیشنل سیکرٹریز ،سینئر افسران ،ڈی سی اولاہور اور وفاقی محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ گوجرانوالہ ، راولپنڈی ،ملتان، اور فیصل آ باد کے کمشنرز،ڈی سی اوز نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس کی کاروائی میں حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر فیاض بٹ نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال بارے بریفنگ دی اور دیگر ممالک میں ڈینگی مریضوں کے بارے بتایا ۔ انہوں نے بتایا کہ سری لنکا میں رواں سال اب تک 28548 جبکہ انڈیا میں 8307ڈینگی کے کنفرم کیس رپورٹ ہو ئے ہیں جبکہ صوبہ پنجاب میں اب تک رپورٹ ہونے والے 50کیسوں میں سے 18کا تعلق راولپنڈی ،16کا کراچی اور 7مریضوں کا تعلق سعودی عرب سے ہے تاہم کو ئی مریض زیر علاج نہیں اور تمام مریض صحت یاب ہو چکے ہیں ۔

سیکرٹری ماحولیات نے بتایا کہ راولپنڈی میں مزید 3انسپکٹر ماحولیات کو سرویلنس کیلئے تعینات کر دیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید نے کہا کہ حساس اضلاع میں سینٹری پٹرول سمیت مزید ٹیکنکل سٹاف فراہم کیا گیا ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت نے اضلاع کو ضرورت کے مطابق کنٹیجنسی پیڈ سٹاف رکھنے کی اجازت دے دی ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی کنٹرول کے اقدامات اور سرویلنس جاری رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے ڈینگی ہاٹ سپائس کو ختم کرنے کیلئے زیادہ محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :