برطانیہ نے پاکستان کیلئے امداد آئندہ تین برس کے دوران دوگنی اڑتالیس کروڑ پاوٴنڈ کرنے کا اعلان کردیا، کم آمدنی والے طبقات کو مالیاتی سہولت کی فراہمی کیلئے پانچ کروڑ پاوٴنڈ فراہم کئے جائیں گے

جمعرات 3 جولائی 2008 20:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جولائی۔2008ء) برطانیہ نے ملکی معاونت پروگرام کے تحت پاکستان کی امداد آئندہ تین برس کے دوران دوگنی کر کے اڑتالیس کروڑ پاوٴنڈ کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ جبکہ کم آمدنی والے طبقات کو مالیاتی سہولت کی فراہمی کیلئے اسٹیٹ بینک کو پانچ کروڑ پاوٴنڈ فراہم کئے جائیں گے ۔ برطانیہ کی طرف سے یہ اعلان وزیر خزانہ سید نوید قمر اوربرطانیہ کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی ڈگلس الیگزینڈر کے درمیان ملاقات کے بعد کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان میں غربت کے خلاف جنگ اور پاکستان کیلئے ملکی معاونتی پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی نے بتایا کہ پاکستان کو دی جانے والی امداد ٹی بی اور پولیو جیسے امراض کے خلاف مہم سمیت صحت کے شعبے کے علاوہ بہتر نظام کار اور زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ سرحدی علاقوں میں ترقی سمیت تعلیم کے شعبے کو بھی اس معاونتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے ۔

وزیر خزانہ سید نوید قمر نے اس موقع پر توقع ظاہر کی کہ اس تعاون سے پاکستان میں غربت کے خاتمے کی کوششوں اور میلینیم ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر اسٹیٹ بینک اور برطانیہ کے ڈی ایف آئی ڈی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ۔ جس کے تحت برطانوی حکومت پاکستان کو پانچ کروڑ پاوٴنڈ فراہم کرے گی۔ یہ رقم کم آمدنی والے طبقے کو مالیاتی سہولت کی فراہمی اور روزگار کے لئے چھوٹے قرضوں کے اجراء کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :