محکمہ صحت اسلام آباد نے مون سون کی حالیہ بارشوں سے ممکنہ طور پر پیدا ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے لئے ٹیموں کو الرٹ کر دیا

منگل 2 اگست 2016 14:29

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 اگست۔2016ء) محکمہ صحت اسلام آباد نے مون سون کی حالیہ بارشوں سے ممکنہ طور پر پیدا ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے لئے شہریوں کو آگاہی ہدایات جاری کردی ہیں اور اس حوالے سے محکمہ صحت اسلام آباد نے اپنی ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے کہ وہ دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر لوگوں میں شعور اجاگر کریں، گھروں اور گھروں کے باہر پانی کی جگہوں کو تلاش کر کے اُن میں ٹیمی فاسٹ کیمیکل پاؤڈر ڈالیں تا کہ یہ کھڑا پانی لاروا مچھر میں تبدیل نہ ہو سکے۔

اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور انچارج ڈینگی سرویلنس سیل ڈاکٹر نجیب درانی نے منگل کو ”اے پی پی“ کو بتایا کہ مون سون کی حالیہ بارشوں کی وجہ سے مختلف وبائی امراض جیسا کہ ٹائیفائیڈ، کالایرقان، ہیپاٹائٹس، ہیضہ، پیچس اور دیگر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

جب بارش کا پانی سیوریج کے پانی سے مکس ہوتا ہے تو اس سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا ان بیماریوں سے بچنے کے لئے پانی کو ابال کر استعمال کیا جائے ، اپنے ہاتھوں کو صابن سے بار باردھویں، سبزی اور پھلوں کو بھی اچھی طرح دھو کر کھائیں۔ انڈرگراؤنڈ کنوں میں ایک چمچ بلیچنگ پاؤڈر ڈالیں تا کہ اس سے جراثیم کا خاتمہ ہو سکے۔ ڈاکٹر نجیب درانی نے کہا کہ محکمہ صحت اسلام آباد نے حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے لئے شہریوں میں آگاہی ہدایات جاری کی ہیں اور اس حوالے سے محکمہ صحت اسلام آباد نے اپنی ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے اور انہیں ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ ملیریا انسپکٹر اور سینٹری انسپکٹر دیہی علاقوں میں گھروں کے باہر شہریوں میں اس حوالے سے آگاہی مہم چلائیں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز گھروں کے اندر اس حوالے سے شہریوں کو آگاہ کریں ۔

اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہا کہ مون سون کے کھڑے پانی کی نکاسی کا بندوبست کرنا چاہئیے ، گھروں میں کھڑے پانی اور مچھروں کی افزائش کو تلاش کر کے اس میں ٹیمی پاس کیمیکل پاؤڈر ڈالیں تا کہ لاروا مچھر میں تبدیل نہ ہو سکے۔