رحیم یار خان،شیخ زید ہسپتال میں علاج معالجہ سمیت دیگر سہولیات کا ازسر نو جائزہ بارے اجلاس

بدھ 3 اگست 2016 15:24

رحیم یار خان ۔ 3 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 اگست۔2016ء) ڈی سی ا و رحیم یار خان کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہسپتال انتظامیہ کو بااختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ہسپتال میں ایم ایس ،ادویات، مشینری سمیت دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کے لئے خود مختار ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ زید ہسپتال میں علاج معالجہ سمیت دیگر سہولیات کا ازسر نو جائزہ بارے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہمیں حکومتی اقدامات کو عوامی دسترس میں لانے کے لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور ادویات کی ہمہ وقت دستیابی میں کوئی کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے شیخ زید ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ہسپتال میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف کی سو فیصد حاضری یقینی بنائیں جبکہ ایمرجنسی سمیت دیگروارڈز میں سینئر ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گی اوراس سلسلہ میں ایم ایس تمام ڈاکٹر ز کا ڈیوٹی روسٹر نکال کو عملدرآمد کرائیں اور تعاون نہ کرنے والے ڈاکٹرز و سٹاف کی فہرستیں مرتب کریں۔

انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں صفائی اور خوشگوار ماحول میں اضافہ کے لئے شجر کاری پر خصوصی توجہ دی جائے اس میں ضلعی انتظامیہ بھی تعاون کرے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں ادویات ، مشینری سمیت تمام دستیاب سہولیات کا ڈیٹا مرتب کیا جائے ،مریضوں کی سہولت کے لئے دستیاب ادویات بارے معلومات وارڈز کے باہر آویزاں کی جائیں اورہسپتال کے مختلف شعبہ جات تک مریضوں اور ورثاء کی باآسانی رسائی کے لئے تحریری گائیڈ لائن آویزاں کی جائیں تاکہ مریضوں کے لواحقین کو مطلوبہ جگہ یا ڈاکٹر ز سے ملنے میں دشوار ی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

انہوں نے ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی کوہدایت کی کہ ضلعی ہیڈ کواٹر ہسپتال میں مریضوں کا رش کم کرنے کے لئے تحصیل ہسپتال سمیت دیہی و بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کریں اور وہاں پر ڈاکٹرز، سٹاف اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں تاکہ مریضوں کو نزدیکی مقامات پر تما م سہولیات دستیاب ہوں ۔انہوں نے کہ ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں موجود مشینری درست اور فنکشنل حالت میں ہونی چاہیے اگر کہیں کوئی خرابی ہے تو فوری آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے سرپرائز وزٹ کئے جائیں گے اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے والے پیرا میڈیکل سٹاف ، نرسز و دیگر کو ماہانہ بنیادوں پر انعامات اور سرٹیفکیٹس دینے کا سلسلہ شروع کیا جائے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔انہوں نے ہسپتال میں ڈینگی اور کانگو وائرس کی تشخیص اور علاج معالجہ کے لئے تربیت یافتہ سٹاف کی تعیناتی کے احکامات بھی جاری کئے ۔

اجلاس میں ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر تسنیم کامران نے بتایا کہ شیخ زید ہسپتال میں ڈائیلاسز، ایمرجنسی، چائلڈ ایمرجنسی، گائنی وارڈ اور ہارٹ وارڈ کی ایمرجنسی میں مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو درپیش مسائل بارے بھی آگاہ کیا۔اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی نے بتایا کہ تمام تحصیل ہیڈ کوارٹر ، بنیادی و دیہی مراکز صحت میں سٹاف کی کمی کودور کر دیا گیا ہے جبکہ ادویات سمیت تمام اہم مشینری کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔اجلاس میں ڈی او(سی)محمد حنیف سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :