شہر میں تیزاب سے دھلی ادرک کی کھلے عام فروخت ،تیزاب ملا ادرک استعمال کرنے سے معدہ یا آنتوں کا سرطان ہوسکتا ہے‘پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن،پاکستان میں چین ‘ تھائی لینڈ اور بنگلہ دیش سے درآمد شدہ ادرک فروخت کی جارہی ہے او روہیں اسے تیزاب میں دھویا جاتا ہے‘سبزی فروش انجمن

جمعہ 29 ستمبر 2006 16:57

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29ستمبر 2006 ) وزن بڑھانے اور صاف ستھری دکھائی دینے کے لئے شہر میں تیزاب سے دھلی ادرک کی کھلے عام فروخت جاری ہے ۔ جبکہ سبزی فروشوں کی انجمن کے صدر علیم الدین شیخ نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ درآمد شدہ ادرک اسی حالت میں فروخت کی جارہی ہے ان کے مطابق پاکستان میں چین تھائی لینڈ اور بنگلہ دیش سے درآمد شدہ ادرک فروخت کی جارہی ہے او روہیں اسے تیزاب میں دھویا جاتا ہے جس کی کلیئرنس کسٹمز کا محکمہ پلانٹ پروڈکشن دیتا ہے اور کراچی بندرگاہ پہنچنے پر اس کا دوبارہ معائنہ کیا جاتا ہے ۔

یہی موقف سبزی فروش یونین کے رکن حاجی شاہ جہاں نے اختیار کیا ۔ البتہ کہا کہ کراچی لائے جانے کے بعد بھی اسی تیزاب سے دھویا جاتا ہے تاکہ تازہ لگے ۔

(جاری ہے)

جبکہ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اترداس سنجرانی نے کہاکہ اس ادرک کے مضر صحت یا زہریلے ہونے کی کوئی شکایت نہیں ملیں ادھر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ‘ کراچی نے اس خبر پر حیرت اور تشویش کا اظہار کیا ہے کہ کھانے کی اشیا خاص کر ادرک (Ginger)کو تیزاب سے دھویا جارہاہے جس سے اس کا وزن بڑھ جاتا ہے اور بیچنے والے کو منافع زیادہ ملتا ہے ۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے ) کے ذرائع کا کہناہے کہ ہم نے اس بات کی نشاندہی دسمبر 2004ء میں بھی کی تھی جس پر کچھ کارروائی بھی ہوئی تھی لیکن پتہ چلا کہ اب یہ کاروبار پھر زور و شور سے جاری ہے اور انسانی جانوں سے کھیلا جارہا ہے ۔ ادرک اور دوسری کھانے کی اشیا کو سلفورک ایسڈ ‘ ہائیڈرولورک ایسڈ اور بلیچ وغیرہ جو کہ مضر صحت ہیں سے دھویا جاتا ہے اور اس کے لئے پسماندہ علاقوں میں رہنے والوں بشمول بچوں سے کام کرایا جاتا ہے جو بہت ہی کم پیسوں میں ادرک کو تیزاب سے دھوتے ہیں اور اپنی جانوں کا خطرہ بھی مول لیتے ہیں ۔

تیزاب سے دھلا ادرک بالکل سفید اور صاف ستھرا ہوتا ہے او راس کو بیچ سے توڑا جائے تو بہت ہی ہلکا ہرا (GREEN) نظر آتا ہے اس طرح کا ادرک مستقل استعمال کرنے سے سینے یا معدے میں جلن ‘ بدہضمی ‘ متلی ‘ پیٹ میں درد کے علاوہ انسان کے معہدہ اور آنتوں میں السر لاحق ہوسکتا ہے اور بعد میں بڑی بیماری معدہ یا آنتوں کا سرطان بھی ہوسکتا ہے ۔ پی ایم ای کراچی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کھانے کی اشیا خاص کر ادرک کو تیزاب سے دھونے کا عمل فوری روکا جائے اور کھانے پینے کی تمام اشیا میں ہر قسم کی ملاوٹ کا خاتمہ کیا جائے ۔