گوجرخان میں جاپان کے تعاون سے رورل انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سنٹر کاقیام۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدیدتعلیم اور تربیت سے ہی پاکستان کامستقبل منسلک ہے،راجہ پرویزاشرف۔۔جاپان پاکستان کی تعلیم ،صحت ،مواصلات،آبپاشی اوردیگر اہم شعبوں میں امداد جاری رکھے گا،مسیجی کوجیما

ہفتہ 12 جولائی 2008 14:54

گوجرخان(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین12جولائی2008 ) وفاقی وزیر پانی وبجلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم اورتربیت سے ہی پاکستان کامستقبل منسلک ہے اور اس کے حصول سے پاکستان دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہوجائے گا انہوں نے یہ بات گزشتہ روز گوجر خان میں جاپان اورمقامی این جی او کے مالی تعاون سے رورل انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سنٹر کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں کہی تقریب میں جاپان کے پاکستان میں سفیر مسٹر سیجی کوجیما اورجاپان میں پاکستان کے نامزد سفیر نذر حسین جوکہ این جی او کے سربراہ بھی ہیں نے شرکت کی وفاقی وزیر نے کہا کہ 8 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے تعمیر ہونے والے اس سنٹر میں دنیا کی جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم بالکل مفت فراہم کی جائے گی اور یہ جاپان حکومت کاپاکستان اورخصوصاً گوجر خان کے عوام کیلئے ایک بہترین تحفہ ہے اس سنٹر میں کمپیوٹر ٹریننگ ،کمپیوٹرلائبریری، انگلش لیگویج کورسز کے علاوہ علاقے کیلئے ایک ریڈیو سٹیشن اور بعدازاں ٹی وی سیشن بھی قائم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ گوجر خان کے بہادر میں وفادار لوگ جاپان کے اس تحفہ کو کبھی بھلانہ پائیں گے انہوں نے اس طرح کے 200 سنٹر ملک کے طول وعرض میں کھولے جائیں گے اور اس کی ابتداء گوجرخان سے کی جارہی ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کی یہ خواہش اور کوشش ہے کہ تعلیم خصوصاً ٹیکنیکل اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کو زیادہ اہمیت دی جائے اور اس کیلئے مختلف پروگرام زیر غورہیں اورجلد ہی اس طرح کے اداروں کا پورے ملک میں جال بچھایا جائے گا وفاقی وزیر نے کہا کہ گوجر خان کے عوام خوش قسمت ہیں کہ ان کیلئے تعمیر وترقی کے دروازے کھل گئے ہیں تحصیل گوجر خان کے تمام دیہات کوگیس کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ 50 دیہاتوں میں گیس کی فراہمی کا عمل آئندہ دو ماہ میں شروع ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ گوجر خان میں گرلز کالج ،بوائز کالج اور او پی ایف گرلز کالج کے قیام کی بھی منظوری ہوچکی ہے اورجلد ہی تعمیراتی کام شروع کردیاجائیگا انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے گوجر خان ریلوے کراسنگ کے مقام پر جدید ترین انڈر پاس کیلئے فنڈز کااجراء کردیا ہے جبکہ کلیام اعوان میں ریلوے پل کا افتتاح 14 جولائی کو کیاجارہا ہے انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلی پنجاب نے پوٹھوہاریونیورسٹی کو گوجر خان شفٹ کرنے کی تجویز سے اتفاق کرلیا ہے اور باضابطہ احکامات جاری کردیے ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر مسیجی کوجیما نے کہا کہ تعلیم پاکستان کیلئے بہت ضروری ہے جو اسے ترقی کی بلندیوں پر لے جائے گی انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کی تعلیم،صحت ،مواصلات ،آبپاشی اوردیگر اہم شعبوں میں امداد جاری رکھے گا اورمجوزہ سنٹر گوجر خان کے نوجوانوں کو جدید تعلیم فراہم کرے گا جاپان کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر نذر حسین نے سنٹر کے قیام اور اس کے اغراض ومقاصد کے حوالے سے بریفنگ دی بعد ازاں وفاقی وزیر اور جاپانی سفیر نے پاکستان اورجاپان کے جھنڈوں والا 20پونڈوزنی کیک کاٹا۔