انڈس ہسپتال نے ایف ای ایس سائیکل مشین متعارف کرادی

بدھ 17 اگست 2016 16:55

کراچی ۔ 17 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست۔2016ء)انڈس ہسپتال کراچی نے فالج کے مریضوں کیلئے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ایف ای ایس سائیکل مشین متعارف کرائی ہے۔ یہ مشین فالج کے مریضوں کو فالج سے متاثرہ حصے کو حرکت دینے میں مدد کرتی ہے۔ اس مشین کی مدد سے جسم کو مسلسل حرکت دینے سے دماغ کو تقویت اور فالج سے متاثرہ حصے کو دوبارہ متحرک ہونے میں مدد ملتی ہے۔

انڈس ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبد الباری نے بتایاکہ ایف ای سی سائیکل مشین کے ذریعے انڈس ہسپتال کے فزیکل ریہبیلیٹیشن سینٹر میں 5مریضوں کا علاج شروع ہوچکا ہے اور یہ مریض چند ماہ کے اندر چلنے کے قابل ہوجائیں گے۔ ڈاکٹر باری نے بتایاکہ انڈس ہسپتال پاکستان کے کا پہلا پیپر لیس ہسپتال ہے اور ہم ٹیکنالوجی پر پوری توجہ دے رہے ہیں تاکہ مریضوں کو موثر اورمفت علاج فراہم کرنے کیلئے ہم ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے نہ رہیں۔

(جاری ہے)

ایف ای سی سائیکل مشین پر 5کروڑ روپے خرچ آتا ہے لیکن پاکستان میں آگاہی کی کمی ہونے کی وجہ سے اب تک کسی ہسپتال میں یہ مشین انسٹال نہیں کی گئی تھی ۔ انڈس ہسپتال نے پاکستان میں یہ مشین متعارف کرانے میں پہل کی ہے۔ انڈس ہسپتال پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد ہسپتال ہے جو جدیدترین طریقے سے لوگوں کو ان کی ضروریات کے مطابق خصوصی طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کررہاہے۔