کانگو وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد پر محکمہ صحت سندھ متحرک ہو گئی

ہفتہ 20 اگست 2016 15:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) کانگو وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر محکمہ صحت سندھ متحرک ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے بزریعہ خط شہری انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈی سی ملیر اور مویشی منڈی کی انتظامیہ کو خط لکھا ہے ،جس میں تمام جانوروں کے طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

جیسے جیسے عید قرباں قریب آتی جارہی ہے، کراچی میں کانگو وائرس پھیلنے کے خدشات بڑھتے جارہے ہیں، 2 ہفتے قبل بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے کانگو وائرس کی ہیلتھ ایڈوائزی تو جاری کردی گئی لیکن اس پرعمل درآمد نہیں کیا گیا ۔اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈ بنائے گئے ہیں اور نہ ہی کانگو وائرس سے متاثرہ مریض سے دیگر مریضوں کو بچانے کے کوئی انتظا مات دیکھنے میں آئے ہیں جس کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈی سی ملیراور مویشی منڈی کی انتظامیہ کو خط ارسال کر دیا ہے جس میں تمام جانوروں کا طبی معائنہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کے ایم سی کے ویٹرنری شعبہ کے ڈاکٹروں کو فوری طور پر منڈی پہنچنے اور کانگو وائرس سے ہلاک ہونے والے اللہ دتہ کے بھائیوں کے خون کے نمونے لینے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ خط کے متن میں درج ہے کہ مویشی منڈی میں جانوروں کے ڈاکٹرز کو فوری طبی معائنے کے لیے بھیجا جائے اور۔ کانگو سے ہلاک ہونے والے مویشی منڈی کے بیوپاری کے ساتھ رہنے والے افراد کو بھی چیک کیا جائے۔ہلاک ہونیوالے اللہ دتہ کے دو بھائی بھی مویشی منڈی میں ہیں انھیں بھی چیک کیا جائے۔ محکمہ صحت سندھ نے تمام انتظامات ہنگامی بنیادوں پر سر انجام دینے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :