کینسر کے مریضوں کی پانچ سالہ شرحِ بقا میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،تحقیق

جمعہ 18 جولائی 2008 14:08

لندن(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین18جولائی2008 )ایک نئی تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ دنیا بھر میں کینسر کے مریضوں کی پانچ سالہ شرحِ بقا میں نمایاں اضافہ پایا گیا۔ پانچ سالہ شرحِ بقا طبی اصطلاح ہے، جس سے مراد یہ ہے کہ مریض کے کینسر کی تشخیص کے بعد پانچ برس زندہ رہنے کے کتنے امکانات ہیں۔ اس اضافے کی وجہ بظاہر کینسر کے علاج کے طریقوں اور دیکھ بھال کی سہولیات دکھائی دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

لندن کے اسکول آف ہا ئیجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کے ایک ماہر وبائیات مائیکل کول مین نے کہا ہے کہ محققین نے کینسر کے علاج میں صحت کی سہولیات کے عمل دخل کا اندازہ لگانے کے لیے 31 ملکوں کے 20 لاکھ سے زیادہ مریضوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔جائزے سے ظاہر ہوا کہ امریکہ، جاپان اور فرانس میں پانچ سال کے دوران کینسر سے زندہ بچ جانے والے مریضوں کی شرح دوسرے بہت سے ملکوں سے زیادہ ہے۔

لیکن اس سے یہ بھی معلوم ہواکہ امریکہ میں موجود سفید فام باشندوں میں پانچ سالہ شرحِ بقا سیاہ فام باشندوں کی نسبت چھ سے سولہ فیصد زیادہ ہے۔مشرقی یورپ میں زندہ بچنے والوں کی شرح کم تھی اور الجیریا اس فہرست میں سب سے نیچے تھا۔جائزے میں کینسر کی چار قسموں، بڑی آنت، مقعد، چھاتی اور پراسٹیٹ کینسر میں مبتلا مریضوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔