وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں ڈینگی سے بچاؤ کی مہم کا حتمی مرحلہ ستمبر کے پہلے ہفتہ سے شروع ہو گا

بدھ 24 اگست 2016 16:27

اسلام آباد ۔ 24 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 اگست۔2016ء) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ کی اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی سے بچاؤ کی مہم کا تیسرا اور حتمی مرحلہ ستمبر کے پہلے ہفتہ سے شروع ہو گا، مہم کے دوران ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ مقامات کامعائنہ کیا جائے گا اور لاروے کو تلف کرنے کے لئے سپرے اور فیومیگیشن کی جائے گی جس کے لئے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق یہ مہم آئندہ ماہ سے شروع کی جائے گی اور ڈینگی مچھروں کی افزائش کی روک تھام کے لئے ممکنہ افزائش کے مقامات کا سروے کیا جائے گا، سپرے اور فیومی گیشن کے ذریعے ڈینگی لاروے کو تلف کیا جائے گا۔ پانی کے تالابوں کو مچھروں کی افزائش کی آماجگاہ بننے سے روکنے کے لئے حفاظتی ادویات تقسیم کی جائیں گی تا کہ انہیں ٹینکوں اور تالابوں میں ڈالا جا سکے۔

(جاری ہے)

بارش کے کھڑے پانی کی نکاسی کے لئے خصوصی بندوبست کیا جائے گا اور مہم میں عام شہریوں کو شامل کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے موسم گرما کے آغاز سے ہی اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 3مرحلوں پر مشتمل مہم کا آغاز کر رکھا ہے اور جولائی 2016ء سے جاری مرحلہ وار مہم میں 5500مقامات پر سپرے کیا جا چکا ہے جبکہ فیومی گیشن اور سپرے کی ٹیمیں اب بھی گنجان آباد علاقوں کے ڈینگی کے ممکنہ افزائش کے مقامات کی نگرانی کر رہی ہیں، دوسرے مرحلہ میں آگاہی مہم چلائی گئی جبکہ تیسرے مرحلہ میں انسداد ڈینگی مہم آئندہ ماہ سے شروع ہو گی۔

متعلقہ عنوان :