ضلعی انتظامیہ کانگو وائرس کے متعلق آگاہی اور تدارک کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ،ڈاکٹر عمران حامد شیخ

جمعہ 26 اگست 2016 14:18

مردان۔26 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست۔2016ء) ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کانگو وائرس کے متعلق آگاہی اور تدارک کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے تاکہ اس موذی مرض سے جانوروں سمیت قیمتی انسانوں جانوں کو بھی بچایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائیو سٹاک دفتر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں تحصیل ناظم مردان محمد ایوب خان، تحصیل نائب ناظم مشتاق سیماب ، تحصیل ناظم کاٹلنگ مولانا امداد اللہ ، اسسٹنٹ کمشنرز تخت بھائی اور کاٹلنگ موجود تھے۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد سعید نے کانگو وائرس کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک نے ضلع بھر میں اب تک 4 ہزار جانوروں پر سپرے کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ وائرس جانوروں کے علاوہ انسانوں کیلئے بھی خطر ناک ہے۔ ڈپٹی کمشنر مردان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے کانگو وائرس کی روک تھام کی مہم کیلئے 20لاکھ روپے مختص کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں داخلی راستوں پر دس پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں پر باہر سے آنیوالے مویشیوں پر سپرے کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دفعہ 144پہلے ہی نافذ کر دیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر آفس مردان اور اسسٹنٹ کمشنر آفس مردان میں اس کے لئے کنٹرول رومز بھی قائم کر دئیے گئے ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر مردان نے کہا کہ ضلع بھر کی تمام جانوروں کی منڈیوں میں مردان ، کاٹلنگ اور تخت بھائی کے ٹی ایم ایز کے ذریعے کانگو سے بچاؤ کے سپرے کئے جائینگے جبکہ ضلع کے بڑے ہسپتالوں مردان میڈیکل کمپلیکس ، ڈی ایچ کیو مردان ،ٹائپ ڈی ہسپتال تخت بھائی اورکاٹلنگ میں اس ضمن میں ایمر جنسی وارڈ زقائم کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :