ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی ہے، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تین کروڑ تیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جائیں گے

پیر 28 جولائی 2008 11:14

پاکستان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔28جولائی 2008ء) ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع کردی گئی ہے ، اس دوران پانچ سال سے کم عمر تک کے تین کروڑ تیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ وزارت صحت کے مطابق اس سلسلے میں پچیاسی ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گی۔ سندھ میں پانچ سال سے کم عمر پینسٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔

صوبہ سرحد سمیت قبائلی علاقوں میں بھی پولیو کے خلاف تین روزہ مہم کا آغاز کر دیاگیا ۔ اس دوران پانچ سال سے کم عمر پچاس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے دیے جائیں گے ۔ انسداد پولیو مہم کے صوبائی انچارج ڈاکٹر عبد الوحید نے ون ورلڈ سے گفتگو میں بتایا کہ سرحد میں پولیو کے خلاف مہم کے لیے چودہ ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویڑن اور چترال کے علاوہ صوبہ سرحد کے تما م اضلاع اور ایف آرز سمیت تمام قبائلی ایجنسیوں میں یہ تین روزہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔ حکام کے مطابق اس سال اب تک ملک کے مختلف حصوں میں پولیو کے اٹھارہ کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سب سے زیادہ شرح صوبہ سندھ میں ہے جہاں گیارہ کیسز رپورٹ ہوئے ۔ اس کے علاوہ صوبہ سرحد میں پانچ اور بلوچستان میں دو بچوں کے پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔

متعلقہ عنوان :