ایف ڈی اے نے کینسر کی موٴثر ترین دوا منظور کرلی

جمعرات 8 ستمبر 2016 11:32

میری لینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 ستمبر۔2016ء)امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے کینسر کی نئی اور موٴثر ترین دوا استعمال کرنے کی منظوری انتہائی کم وقت میں دے دی جس پر عالمی طبّی حلقے حیرت میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

ادویہ سازی میں عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ کسی نئی دوا کے دریافت ہونے سے لے کر اس کی منظوری تک میں کم و بیش 10 سال کا عرصہ اور 80 کروڑ ڈالر خرچ ہوتے ہیں جب کہ کسی بھی نئی دوا یا طریقہ علاج کو منظور کرنے میں ایف ڈی اے بہت وقت لے لیتا ہے لیکن اس ادارے نے کینسر کی نئی دوا کو غیرمعمولی طور پر بہت کم وقت میں منظور کرلیا ہے۔

وینیٹوکلاکس (Venetoclax) نامی یہ دوا آسٹریلیا میں طویل تحقیق کے بعد تیار کی گئی ہے جو کینسر کی ایک خاص قسم ”سی ایل ایل“ (کرونک لمفوٹک لیوکیمیا) کے علاج میں استعمال کی جاتی ہے۔ آسان الفاظ میں یوں سمجھ لیجئے کہ ”سی ایل ایل“ خون اور ہڈیوں کے گودے میں ہونے والے کینسر کی ایک قسم ہے جو خاصی عام ہے۔وینیٹوکلاکس کی طبّی آزمائشیں امریکا، کینیڈا، برطانیہ، جرمنی، پولینڈ اور آسٹریلیا کے 31 تحقیقی مراکز میں گزشتہ چند سال سے جاری تھیں۔