بارشوں کے بعد گیسٹرو اور ڈائریا کی وباء پھیلنے سے ، ڈھائی سالہ بچہ جاں بحق ، 250 سے زائد مریض ہسپتالوں میں داخل

جمعہ 1 اگست 2008 22:16

کراچی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین01 اگست2008 ) بارشوں کے بعد کراچی کے گڈاپ ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں دو روز کے دوران گیسٹرو اور ڈائریا کی وباء پھیلنے سے جمعہ کو ایک ڈھائی سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ ان امراض میں مبتلا 250 سے زائد مریضوں کوشہر کے مختلف ہسپتالوں میں لایا گیا جن میں سے دو درجن سے زائد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ صوبائی حکومت کے محکمہ صحت نے گڈاپ اور دیگر علاقوں میں گیسٹرو اور ڈائریا کی بیماریوں سے روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں جبکہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی نے مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے انتظامات کئے۔

ان امراض میں پھیلنے کی بڑی وجہ شہر میں فراہم کئے جانے والے پینے کے پانی کا آلودہ ہونا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزکراچی میں ہونے والی بارش کے بعد پینے کے پانی میں آلودگی میں اضافہ ہوگیا تھا اور جمعرات کو گڈاپ کے علاقے میں ڈائریا کی وباء پھیل گئی جس کے باعث 150 سے زائد متاثر ہوئے تھے جن میں سے ایک درجن سے زائد کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا۔

(جاری ہے)

متاثرین میں اکثریت بچوں کی ہے جمعہ کی شام تک مجموعی طورپر گیسٹرو اور ڈائریا کے 236 مریض ہسپتالوں میں لائے گئے جن میں سے 40 کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ 193 مریضوں میں ڈائریا اور گیسٹرو پایا گیا۔ طبیعت شدید خراب ہونے پر دو مریضوں کو عباسی شہید ہسپتال میں خصوصی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ گڈاپ ٹاؤن کے یوسی تھری میں ڈھائی سالہ بچہ راہول گیسٹرو کے باعث جاں بحق ہوگیا جس کی میت ورثاء ہمراہ لے گئے۔

شہریوں کی بڑی تعداد پانی میں آلودگی کے باعث امراض میں مبتلا ہورہی ہے۔ جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ متاثرہ مریضوں کو عباسی شہید ہسپتال کے علاوہ سول ہسپتال ، جناح ہسپتال اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں لایا گیا۔ دریں اثناء صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے جمعہ کو گڈاپ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹنگ کے لئے لیبارٹری میں بھیجے گئے ہیں۔

انہوں نے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ گڈاپ ٹاؤن کے ناظم غلام مرتضیٰ بلوچ نے مختلف علاقوں بشمول اللہ بخش گوٹھ، غلام مصطفی گوٹھ، صالح محمد گوٹھ، اسلم گوٹھ اور دیگر متاثرہ مقامات کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی امداد کا جائزہ لیا۔ گڈاپ ٹاؤن کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خلیل انصاری کے مطابق حسین بخش گوٹھ میں قائم ٹاؤن ریلیف کیمپ میں متاثرین کا علاج کیا جارہا ہے اور وہاں 24 گھنٹے ڈاکٹروں کی ٹیم مریضوں کی دیکھ بھال کررہی ہے۔

ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سنجانی نے بھی گڈاپ ٹاؤن کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امداد سرگرمیوں میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ پینے کے پانی میں احتیاط برتیں اور پانی کو ابال کر پئیں۔