مضبوط اپوزیشن کا پیغام معاشرے کے تمام طبقوں تک پھیلایا جائے گا،سینیٹر مشاہد حسین۔۔حالیہ بحرانوں کے موقع پر موجودہ اتحادی حکومت عوام کو صحیح قیادت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے،

ہفتہ 2 اگست 2008 19:00

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین02 اگست2008 ) پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کا بطور ایک متحرک اور مضبوط اپوزیشن کا پیغام معاشرے کے تمام طبقوں تک پھیلایا جائے گا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق مسلم لیگ ہاؤس میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے پارٹی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ واحد سیاسی جماعت ہے جو ہر ایک ایشو پر ایک ٹھوس اور مضبوط موقف رکھتی ہے اور نچلی سطح تک اپنا پیغام عوام کو پہنچاتی ہے ،انہوں نے کہا کہ حالیہ بحرانوں کے موقع پر موجودہ اتحادی حکومت عوام کو صحیح قیادت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے اور ان کے اقدامات اور بیانات سے عوام میں بڑی حدتک مایوسی اور انتشار پھیلا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے حالیہ دنوں میں ایک کامیاب میڈیا کانفرنس کا انعقاد کیا جس سے ملک کے طول وعرض میں پارٹی سے وابسطہ میڈیا کی شاخوں کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی جبکہ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر مسلم لیگ کی یوتھ ونگ نے ”سرسبز وشاداب پاکستان “مہم کے تحت نئے پودوں کی شجر کاری کر کے ماحولیاتی بیداری کو عام کیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سیکرٹری اطلاعات حلیم عادل شیخ سے ملاقات کے دوران دونوں راہنماؤں نے سندھ میں پارٹی کی تنظیم سازی اور میڈیا سے متعلقہ امور پر بات چیت کی ،ملاقات میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین کے ہمراہ 16تا18اگست بالائی سندھ کادورہ کرنے کا اعلان کیا جس کے دوران وہ سکھر اور شکار پور جائیں گے ۔

دورے کا مقصد صوبہ سندھ میں سیاسی انتقام کا شکار ہونے والے پارٹی کارکنوں کو متحرک و فعال بنانا ہے۔مسلم لیگ سرحد کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل انتخاب خان ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات معظم بٹ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات نگہت اورکزئی سے مسلم لیگ ہاؤس میں ملاقات کے دوران سینیٹر مشاہد حسین نے صوبے میں پارٹی کی سرگرمیوں کو سراہا ،جو صوبائی صدر امیر مقام کی صدارت میں کا فی سرگرم ہے ۔انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر مسلم لیگ سرحد کی جانب سے پشاور میں امن و استحکام کے موضوع پر منعقد ہونے والی کانفرنس کے انتظامات پر بھی بحث کی ۔

متعلقہ عنوان :