ورزش نہ کرنے والوں کے لیے دوا تیا رکر لی گئی ہے ،امریکی سائنسدان

اتوار 3 اگست 2008 13:11

نیو یارک(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین03 اگست2008 ) امریکی سائنسدان ایک ایسی دوا کی تیاری کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کے استعمال سے جسمانی ورزش نہ کرنے والے افراد بھی وزرش کے کچھ فوائد سے بہرہ مند ہو سکیں گے۔جرنل سیل کے مطابق امریکی محققین کے پاس اس وقت دو ایسی ادویات یا ’فٹنس پلز‘ ہیں جن کے استعمال سے ممکنہ طور پر نہ صرف پٹھوں کی مضبوطی اور سٹیمنا میں اضافہ ہو سکتا ہے بلکہ یہ گولی چربی جلانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

ان گولیوں کے تجربات کے لیے چوہوں کو استعمال کیا گیا اور تجربات کے دوران یہ دیکھنے میں آیا کہ چوہوں کی دوڑنے کی استعداد میں 44فیصد اضافہ ہوا اور انہی تجربات کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ کسی تربیت کے بغیر انسان کے دوڑنے کی صلاحیت میں بھی اتنا اضافہ ممکن ہے۔

(جاری ہے)

ان گولیوں کی تیاری کو متنازعہ مانا جا رہا ہے کیونکہ خیال ہے کہ کھیلوں کی دنیا میں ان کا غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تاہم اس تحقیق میں شامل مرکزی سائنسدان کیلیفورنیا کے سالک انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر رونلڈ ایونز نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک ایسا ٹیسٹ بھی بنایا ہے جس کے تحت کھلاڑیوں کے خون اور پیشاب کے نمونوں میں اس دوا کا پتہ چل جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ان دواوٴں کو پٹھے خراب کرنے والی بیماریوں کے علاج میں یا پھر ذیا بیطس جیسی بیماریوں کا شکار افراد میں ورزش کے فوائد میں بہتری لانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ دو ادویات جنہیں AICAR اور GW1516 کے ناموں سے شناخت کیا جاتا ہے، ممکنہ طور پر ایک ایسے جین پر اثر انداز ہوتی ہیں جو پٹھوں کی افزائش اور ان کے کام کرنے کی صلاحیت کنٹرول کرتا ہے۔یہ جین دیگر کئی جینز کی کارگزاری کنٹرول کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اور اسے کنٹرول کرنے سے جسم کے نظام پر واضح اثر پر سکتا ہے۔ تجربات کے دوران چوہوں میں بھی اس جین میں تبدیلی کے نتیجے میں پٹھوں کی افزائش سامنے آئی۔

پروفیسر رونلڈ ایونز کے مطابق یقیناً ایک دن ایسا آئے گا جب یہ دونوں ادویات انسانی استعمال میں آ سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں انہیں یہ دوا کارکردگی بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے اور وہ لوگ جو کہ ورزش نہیں کرتے وہ اس دوا کے استعمال سے ورزش کے کچھ فوائد تو حاصل کر ہی سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :