گردوں کے امراض سے محفوظ رہنے کے لئے درد کش ادویات اور مرغن غذاؤں سے پر ہیز ضروری ہے،ڈاکٹر زاہد نبی

منگل 20 ستمبر 2016 11:56

اسلام آباد ۔ 20ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 ستمبر۔2016ء) ماہر امراض گردہ ڈاکٹر زاہد نبی کا کہنا ہے کہ گردوں کے امراض سے محفوظ رہنے کے لئے درد کش ادویات اور مرغن غذاؤں سے پر ہیز ضروری ہے۔ پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گردے انسانی جسم کا اہم حصہ ہیں اور صحت مند رہنے کے لئے گردوں کی کار کردگی درست ہونا نہایت ضروری ہے۔

ڈاکٹر زاہد نے کہاکہ گردوں کی کچھ بیماریاں موروثی ہوتی ہیں جبکہ کچھ بے احتیاطی سے پیدا ہوتی ہیں اور کچھ بیماریاں بیرونی عوامل کے ذریعے گردوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بیرونی طور سے گردوں کو خراب کرنے والے عوامل میں درد کش ادویات کا زیادہ استعمال،آلودہ پانی، تلی ہوئی اور مرغن غذائیں شامل ہیں ، بلڈ پریشر کا طویل عرصہ تک کنٹرول میں نہ رہنا، پتھری کا پیدا ہونا بھی گردوں کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ سال میں ایک یا دو مرتبہ پشاب کا ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ ضرور کروائے تاکہ گردوں کی کارکردگی کی جانچ ہوتی رہے۔ گردوں کو صحت مند رکھنے کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ گردوں کو درست رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ دن میں 8سے 10 گلاس پانی(صاف کر کییا ابال) کر پیا جائے اورسادہ خوراک استعمال کی جائے۔

گردوں کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ زیر تعمیر ہے تاہم دیگر ہسپتالوں میں کیا جانے والا ڈائیلاسزبھی صحیح طریقہ علاج ہے اور پیوندکاری کرنے کا علاج بھی بہتر ہے انھوں نے کہا کہ پیوند کیے گئے گردے بھی 10سال سے زیادہ عرصہ تک درست کام کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :