لاہور ہائیکورٹ نے خسرہ اور خناق کی وباء سے ہونیوالی ہلاکتو ں پر سیکرٹری صحت پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 30 ستمبر 2016 15:12

لاہور۔30ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے خسرہ اور خناق کی وباء سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کے تعین اور ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کے علاوہ ویکسیئن کی عدم دستیابی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری صحت پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا،لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس عابد عزیز شیخ نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ خسرہ اور خناق سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا تعین کئے بغیر محکمہ صحت کے معاملات کو درست نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کے اعلی افسران کی غفلت کی بنا پر بروقت خسرہ اور خناق جیسی وبا کا تدارک نہ ہونے سے درجنوں معصوم بچے اور شہری موت کے منہ میں چلے گئے،انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور ویکسئین موجو نہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،عدالت نے سیکرٹری صحت پنجاب کو خسرہ اورخناق سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ دار وں کے تعین سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔