موسم کی تبدیلی کے باعث بچوں کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے ،ڈاکٹر نجیب اسلم شیخ

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 14:11

فیصل آباد۔یکم اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء) ملک کے ممتاز ماہر اطفال ڈاکٹرنجیب اسلم شیخ نے کہا ہے کہ اکتوبر کے مہینہ کے آغاز کے ساتھ ہی ابتدائی طور پر موسم کی تبدیلی کے اثرات شروع ہوجاتے ہیں جبکہ اس عرصہ میں بچوں کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات پر عملدر آمد یقینی بنانا اشد ضروری ہے کیونکہ والدین کی ذرا سی بھی غفلت بچوں کیلئے بیماری اور ان کیلئے پریشانی کا موجب بن سکتی ہے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ چونکہ موسم کی تبدیلی جو بظاہر بڑوں کو اس انداز سے محسوس نہیں ہوتی بچوں کو متاثر کرتی ہے لہٰذا اکتوبر کے آغاز سے ہی بچوں کو مناسب کپڑوں کا استعمال شروع کر ا دینا چاہیے اور بچوں کیلئے اے سی کا استعمال بند اور انہیں رات کے وقت کسی نرم چادر یا کپڑے سے لحاف کے طور پر ڈھانپ کر سلانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئس کریم ، کولڈ ڈرنکس ، ٹھنڈے دودھ ، مشروبات ، تلی ہوئی اور کھٹی اشیاء بچوں کیلئے موسم کی تبدیلی کے آغاز میں انتہائی نقصان دہ ہیں جو بچوں کو فوری متاثر کرتی ہیں اور بچے نزلہ ، زکام ، کھانسی، بخار کے مرض میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جونہی بچوں میں نزلہ یا بخار کی علامات ظاہر ہوں انہیں گھریلو ٹو ٹکوں کی بجائے فوری طور پر چائلڈ سپیشلسٹ کو دکھایا جائے اور بچے کی عمر کے مطابق تفویض کردہ نسخے پر عمل کیا جائے تاکہ کسی قسم کی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :