پنجاب ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر وحید الحامد نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود پنجاب بھر سے آنے والے مریضوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،،محکمہ صحت پنجاب نے ہسپتال میں پرانے ڈینٹل یونٹس کو تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 3 اکتوبر 2016 10:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔۔03 اکتوبر۔2016ء) میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےپنجاب ڈینٹل کالج کے پرنسپل وحید الحامد نے بتایا کہ پنجاب ڈینٹل کالج کی سو سالہ پرانی عمارت کی تزئین و آرائش مکمل کر دی گئی ہے۔چار سو مریضوں کے گنجائش والے پنجاب کے واحد سرکاری ڈینٹل ہسپتال میں روزانہ ایک ہزار مریضوں کا چیک اپ کر کے انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پروفیسر وحید الحامد نے کہا کہ حادثات کے شکار ہونے والے مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لئے میگزیلو فیشل سرجری کا شعبہ چوبیس گھنٹے کھلا رہتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈینٹل سپتال کی سو سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ جراثیم کش سٹرلائزیشن کا شعبہ قائم کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت پنجاب نے مریضوں کی مشکلات میں کمی کے لئے مجموعی طور پر پچاس نئے ڈینٹل یونٹس اور ڈیجیٹل ایکسرے مشینیں نصب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال اورفاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کی نئی عمارت کی تعمیر کا اسی فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔نئی عمارت مکمل ہوتے ہی ڈینٹل کالج اور ہسپتال کو یہاں سے منتقل کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں بجلی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے ڈبل کنکشن حاصل کیا جا رہا ہے جس کے لئے ٹرانسفارمر خرید لئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :