ملک بھر میں 1500 ٹی بی سنٹرز مریضوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں،کوآرڈینیٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام

منگل 4 اکتوبر 2016 13:56

اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔04 اکتوبر۔2016ء) پاکستان میں ہر سال تین لاکھ افراد میں ٹی بی کے مرض کی تشخیص ہوتی ہے، ملک بھر میں قائم 1500 ٹی بی سنٹرز مریضوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان ٹی بی کنٹرول پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ناصر نے اے پی پی کو بتایا کہ بروقت تشخیص پر ٹی بی سو فیصد قابل علاج مرض ہے، ٹی بی سنٹرز میں آنے والے 91 فیصد مریضوں کا کامیاب علاج کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ملک میں ٹی بی کے مرض اور اس کی وجوہات کی روک تھام پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ہر سال اس مرض میں 5 فیصد کمی لائی جائے اور 2025ء تک مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد نصف ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرض کے بارے میں آگاہی پروگرام بھی شروع کئے گئے ہیں جس میں عوام کو اس مرض کی علامات کے بارے میں آگاہی دی جا رہی ہے۔ بروقت تشخیص سے علاج 100 فیصد یقینی اور آسان ہو جاتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 9 فیصد ایسے مریض جو بروقت علاج نہ کرائے، علاج کو ادھورا چھوڑے اور اس قسم کے حالات میں رہنے کی وجہ سے موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ آگاہی پروگرام سے ایسے مریضوں میں بھی کمی آ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :