ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اچھی نہیں، بچوں سمیت پاکستان واپسی کیلئے امریکی حکام سے باضابطہ رابطے کئے جارہے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 13 اگست 2008 16:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست۔2008ء) دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور ان کے بچوں کو پاکستان واپس لایا جائے گا ۔ اس سلسلے میں امریکی حکام سے باضابطہ طورپر رابطے کئے جارہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ محمد صادق نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ امریکہ میں پاکستانی سفارتی حکام کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی تک قونصلر رسائی فراہم کردی گئی ہے ۔

ڈاکٹر عافیہ اور پاکستانی سفارتی حکام کے درمیان ملاقات ڈھائی گھنٹے سے زائد جاری رہی ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اچھی نہیں جس پر امریکی حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اطلاعات کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کے بچے امریکی تحویل میں ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں امریکی حکام سے رابطے کئے جارہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے حریت رہنماء شیخ عبدالعزیز سمیت متعدد کشمیریوں کی شہادت کے واقعات کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کے مطابق کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور پاکستان کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا رہے گا ۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں بھارتی ہائی کمشنر کو طلب نہیں کیا گیا۔