گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی جناح ہسپتال آمد سکیورٹی گارڈز کی صحافیوں سے بدتمیزی اورہاتھا پائی‘مریضوں کو بھی ایمرجنسی میں جانے سے روک دیا گیا ‘گورنر پنجاب کی جانب سے ایم ایس اور انتظامیہ کے رویے پر اظہار ناراضگی

جمعہ 15 اگست 2008 15:31

لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین15اگست2008 ) گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی جناح ہسپتال آمد سکیورٹی گارڈز کی صحافیوں سے بدتمیزی اورہاتھا پائی‘مریضوں کو بھی ایمرجنسی میں جانے سے روک دیا گیا ‘ایم ایس کی جانب سے صحافیوں کو بھی دھمکی ‘گورنر پنجاب کی جانب سے ایم ایس اور انتظامیہ کے رویے پر اظہار ناراضگی۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی آمد سے قبل سکیورٹی گارڈزنے صحافیوں کو ایمر جنسی کے سامنے سڑک پر کھڑے ہونے سے روک دیا اور کہا کہ ایم ایس کا حکم ہے کہ کسی کو بھی یہاں کھڑا نہ ہونے دیا جائے اور اسی دوران صحافیوں سے بد تمیزی اور ہاتھا پائی کا بھی سلسلہ شروع کر دیا ۔

صحافیوں نے جب ایم ایس سے احتجاج کیا تو ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی والوں نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے آپ جو کرنا چاہتے ہیں کر لیں مجھے کسی کی کوئی پروا ہ نہیں جبکہ اس موقع پر ایمرجنسی میں جانے والے مریضوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اندر جانے کی اجازت نہ دی گئی ۔گورنر پنجاب نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران اس پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔