ممتاز شاعر احمد فراز انتقال کرگئے ۔ قائم مقام صدر محمد میاں سومرو، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت قومی رہنماؤں اور دیگر طبقہ ہائے فکر کی جانب سے معروف شاعر کے انتقال پر اظہار تعزیت، احمد فراز کی ادبی ، جمہوری اور آزادی اظہار کی کوششوں کو خراج تحسین

پیر 25 اگست 2008 00:38

ممتاز شاعر احمد فراز انتقال کرگئے ۔ قائم مقام صدر محمد میاں سومرو، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2008ء) ممتاز شاعر احمد فراز انتقال کرگئے ہیں۔ وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے ۔ انھیں امریکا سے واپسی پر اسلام آباد کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ خالق حقیقی سے جاملے ۔قائم مقام صدر محمد میاں سومرو، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، نواز شریف ، شہباز شریف سمیت قومی رہنماؤں اور دیگر طبقہ ہائے فکر نے معروف شاعر کے انتقال پر دلی تعزیت کی ہے ۔

اور ان کی ادبی ، جمہوری اور آزادی اظہار کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ دو ماہ قبل احمد فراز امریکہ میں پاکستانی نڑاد ڈاکٹروں کی تنظیم ’اپنا‘ کے سالانہ کنونشن میں مشاعرے میں شرکت کے لیے واشنگٹن ڈی سی آئے تھے جہاں وہ گر پڑے تھے اور انکے گھٹنوں پر چوٹیں آء تھیں۔

(جاری ہے)

ان چوٹوں سے انہیں ابتدائی طور انفیکشن ہوگیا تھا اور پھر شکاگو کے ایک ہسپتال میں ان کو گردوں کے عارضے کی وجہ سے ڈائلیسس مشین پر رکھا گا تھا۔

بعد ازاں انھیں اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا۔ سیاسی طور پر زیر عتاب رہنے والے اس شاعر نے کچھ عرصہ قبل اپنا صدارتی اعزاز بلوچستان میں فوج کشی سمیت جنرل مشرف کی پالیسوں پر احتجاج کرتے ہوئے واپس کر دیا تھا۔ اس سے قبل احمد فراز کا سامان ان کی ریٹائرمینٹ پر انکی سرکاری رہائش گاہ سے باہر پھینک دیا گیا تھا اور وہ کئی ماہ نیویارک میں مقیم رہے تھے ۔