پینے کے صاف پانی کی وافر اور باقاعدگی سے فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ‘وزیر اعلی شہبازشریف ۔۔تعلیم ‘صحت کی سہولتوں کیساتھ صاف پانی کی فراہمی بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے ‘اجلا س سے خطاب

منگل 26 اگست 2008 15:53

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین26اگست2008 ) وز یر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی وافر اور باقاعدگی سے فراہمی اُن کی ترجیحات میں شامل ہے اوراس ضمن میں ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کو گندے پانی کی وجہ سے پھیلنے والی مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے ‘انہوں نے صوبہ بھر میں پینے کے پانی کیلئے بچھائی گئی پائپ لائنو ں کا مکمل سروے کرنے اور زنگ آلود و بوسیدہ پائپ لائنوں کی تبدیلی کے احکامات بھی جاری کئے اور شہریوں کی سہولت کیلئے زیادہ سے زیادہ فلٹر پلانٹ لگانے کی بھی ہدایت کی‘انہوں نے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے زیرِ اہتمام چلنے والے مختلف منصوبوں کے آڈٹ کی بھی ہدایت کی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبے کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے بارے میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیرِ بلدیات سردار دوست محمد خان کھوسہ ‘ ممبر قومی اسمبلی محمد افضل کھوکھر‘ ممبر صوبائی اسمبلی رانا مبشر اقبال‘ ہارون خواجہ ‘چیف سیکرٹری ‘ چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ‘سیکرٹری بلدیات ‘ سیکرٹری ہاؤسنگ وپبلک ہیلتھ کے علاوہ متعلقہ سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

وزیرِ اعلیٰ میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہم اربوں روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے باوجود عوام کو آج تک پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کر سکے جو کہ اُن کی ایک بنیادی ضرورت ہے اور گندہ پانی مختلف علاقوں میں وبائی امراض کا موجب بھی بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُنہوں نے صوبہ کے دور دراز علاقوں کے دورے کے دوران پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی و سیوریج کے ناقص انتظامات کا خود مشاہدہ کیا ہے اور بعض علاقوں میں سیوریج و پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کے آپس میں ملنے کی شکایات بھی عام ہیں اور ان شکایات کا ازالہ نہ کرنا ایک مجرمانہ فعل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی اُن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومتِ پنجاب اس ضمن میں کوئی بھی کسر اُٹھا نہ رکھے گی۔ اُنہوں نے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں مصروفِ عمل محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض محنت اور لگن سے سرانجام دیں اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

اُنہوں نے اجلاس میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں متعلقہ محکمے اورپنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کی جانب سے دی گئی نامکمل بریفنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ تین روز میں پینے کے صاف پانی ، نکاسی آب، گلیوں و سڑکوں کو بہتر بنانے سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں مفصل بریفنگ دی جائے جن میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار ، اُن کے مکمل ہونے کی تاریخ اور مختص فنڈز کی تفصیلات بھی شامل ہوں۔

اُنہوں نے چیئر مین پی اینڈ ڈی کو میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے زیرِ اہتمام قصور، چکوال ، جہلم، اٹک اور میلسی میں واٹر سپلائی، سڑکوں، پارکوں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبوں کی تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی تاکہ ان منصوبوں کی کوالٹی کو جانچا جاسکے اور فنڈز کے شفاف استعمال کا بھی جائزہ لیا جاسکے ۔ وزیرِ اعلیٰ نے گلیوں کی بہتری اور سیوریج سکیموں کا بھی آڈٹ کرانے کے علاوہ ٹی ایم اے لیاقت پور کے زیرِ انتظام کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پارک کے آڈٹ کی بھی ہدایت کی۔

وزیرِ اعلیٰ میاں شہباز شریف نے وزیرِ بلدیات کو پبلک ہیلتھ اور لوکل گورنمنٹ کے محکموں کا مشترکہ اجلاس بلانے ،ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور صوبے میں جلد از جلد فلٹر پلانٹ کی تنصیب کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں محنت و لگن سے کام کریں ۔ اُنہوں نے سیکرٹری ہاؤسنگ و پبلک ہیلتھ اور لوکل گورنمنٹ کو پینے کے پانی اور سیوریج کے بارے میں تین دن میں جامع بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔اُنہوں نے پنجاب ڈیوالوڈ سوشل پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ترقیاتی منصوبوں کے آڈٹ کیلئے تین روز میں معروف ادارے کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :