پنجاب اور سندھ میں چار مزید پولیو کیسز کی تصدیق ۔ ملک بھر میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 41ہوگئی،ترجمان وزارت صحت

بدھ 27 اگست 2008 18:32

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین27اگست2008 ) صوبہ پنجاب اور سندھ میں چار مزید پولیو کیسز کی تصدیق کر دی گئی جبکہ ملک بھر میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 41ہو گئی،وزارت صحت ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو وائرس کی روک تھا م میں بے بس ہو گئی۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر رشید جمعہ نے این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کو صوبہ پنجاب سے تین جبکہ سندھ سے ایک بچے کے خون کے ٹسٹ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)کوبھجوائے گئے تھے جو بدھ کو تشخیص کے بعد پولیو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے متاثرہ بچوں میں ضلع شیخوپورہ کے اڑھائی سالہ مجاہد علی ولد اللہ رکھااور ایک ماہ کا بچہ ارمان ندیم ولد محمد ندیم،حافظ آبادکی چار سالہ مبین دختر زکاء اللہ جبکہ سند ھ کے ضلع جیک آباد کے علاقے تھر کا سات ماہ کا عمران ولد منیر احمدشامل ہیں اس طرح ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 41ہو گئی۔

(جاری ہے)

ترجما ن کا کہنا ہے کہ ان متاثرہ بچوں میں این ایس ایل ون وائرس پایا گیا ہے یہ خطر ناک وائرس ہے جو وبائی شکل اختیار کر چکاہے اس وائرس سے مثاترہ بچہ ارد گرد کے دو سے زائد بچوں کو متاثر کر سکتا ہے اس طرح مزید بچوں کا پولیو سے متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ڈاکٹر رشید جمعہ نے بتایا کہ وزارت صحت ملک میں پولیو کے خاتمے کے لئے وسیع پیمانے پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور تما م شراکت کاروں سے مل کر مربوط حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 2007ء میں جنوری سے اگست تک 13 اور پورے سال میں32کیسز سامنے آئے تھے جبکہ امسال جنوری سے اگست تک 41کیسز کی تصدیق ہو گئی جن میں صوبہ پنجاب میں سات،سندھ میں 13، سرحد میں 12،فاٹا میں تین ،بلوچستان میں چار جبکہ اسلام آباد میں دوہیں ۔

متعلقہ عنوان :