آصف علی زرداری دماغی مریض نہیں ہیں، پیپلز پارٹی

جمعرات 28 اگست 2008 14:44

اسلا م آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین28اگست2008 ) پاکستان پیپلز پارٹی نے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کی مذمت کرتے ہوئے اس کو غلط اور بلاجواز قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری سنگین دماغی امراض کا شکار ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی مہرین انور راجا نے کہا کہ آصف زرداری کے خلاف وہ عناصر پروپیگنڈا کررہے ہیں جو ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا کر پاکستان میں عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ زرداری کسی بھی سٹیج پر دماغی امراض سے دوچار نہیں رہے اور انھوں نے گیارہ سال جو قید کاٹی ہے، میں اس کی گواہ ہوں کیوں کہ میں ان کی وکیل تھی۔ زرداری بالکل صحت مند ہیں ۔واضح رہے کہ فنانشل ٹائمز نے بعض غیر ملکی ماہرینِ نفسیات کی طبی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا تھا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین ڈیمنشیا، یعنی ذہنی انحطاط اور شدید ذہنی دباوٴ کا شکار ہیں، جو ڈاکٹروں کے مطابق طویل قید کاٹنے کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

تاہم پیپلز پارٹی کی ایک اور رکن اسمبلی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وہ ان طبی دستاویزات کو چیلنج کر سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سولہ کروڑ عوام کا اگر نفسیاتی تجزیہ کیا جائے تو ڈپریشن اور دوسری نفسیاتی بیماریاں عام ملیں گی، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ لوگ ذہنی انحطاط کا شکار ہیں۔