نیند انسان اور جانوروں کیلئے خوراک اور پانی کی طرح ضروری ہے ، امریکی موجد ایڈیسن۔۔ نیند سے کارآمد یادداشت کو پکا کرنے ، اور دن بھر کے دوران اکٹھی کی ہوئی بے کار قسم کی یادداشتوں کو ضائع کرنے میں مدد ملتی ہے

ہفتہ 30 اگست 2008 14:54

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین30اگست2008 ) امریکی موجد ایڈیسن کا خیال تھاکہ نیند ایک ایسی بری لت ہے جو انسانوں کو ہزاروں برس غاروں کے اندھیروں میں رہنے کے باعث لگی ہے۔ ایڈیسن نے بلب اسی لیے ایجاد کیا تھا کہ رات کو بھی دن کی طرح بقعہ نور بنا کر انسان کی کارکردگی میں اضافہ کیا جا سکے ۔ اس کی بات کسی حد تک درست بھی تھی، کیوں کہ آخر انسان اپنی زندگی کا ایک تہائی حصہ بستر پر لیٹے لیٹے ضائع کر دیتا ہے۔

اس کو یوں سمجھئے کہ اگر کسی کی عمر 60 سال ہے تو گویا اس نے 20 سال سو کر گزار دیے ہیں۔ لیکن ایڈیسن نہیں جانتا تھا کہ نیند انسان اور دوسرے جانوروں کے لیے اتنی ہی ضروری ہے جتنی خوراک یا پانی۔ اور تو اور، ڈالفن سمندر میں ہر وقت تیرتے رہنے کے باوجود آدھی نیند سو جاتی ہے، جس کے دوران اس کے ذہن کا آدھا حصہ جاگتا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

ذہن کے علاوہ دوسرے تمام اعضازندگی بھر بغیر رکے ہوئے کام کرتے ہیں۔

مثال کے طور پر دل کبھی نہیں رکتا، پھیپھڑے اپنا فعل مسلسل سرانجام دیتے رہتے ہیں، جگر ہمیشہ کام کرتا رہتا ہے۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ذہن کیوں مسلسل کام نہیں کر سکتا اور اس کو نیند کی ضرورت کیوں پڑتی ہے؟بظاہر یہ سوال بڑا سیدھا سادا سا ہے۔ لیکن اس کا جواب اتنا سادہ نہیں ہے۔ جدید تحقیق سے اس سوال کا جواب کسی حد تک دینے میں مدد ملی ہے۔

تجربات سے ظاہر ہوتا ہے کہ باقی چیزوں سے زیادہ نیند کا تعلق یادداشت کو مضبوط بنانے سے ہے۔ نیند سے کارآمد یادداشت کو پکا کرنے ، اور دن بھر کے دوران اکٹھی کی ہوئی بے کار قسم کی یادداشتوں کو ضائع کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس کے علاوہ نیند کا ایک کام مختلف یادداشتوں کے درمیان تعلق تلاش کرنا بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات آپ کو کوئی مسئلہ دن بھر پریشان کرتا رہتا ہے لیکن صبح اٹھنے کے بعد اس کا حل خود بہ خود ذہن میں آ جاتا ہے۔

اس کے علاوہ نیند سے جسم کے مدافعتی نظام کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ نیند کے دوران زخم زیادہ بہتر طریقے سے مندمل ہوتے ہیں۔ تاہم ان ساری باتوں کے باوجود سائنس دان یہ نہیں بتا سکتے کہ آخر ان سارے کاموں کے لیے نیند ہی کیوں ضروری ہے ، اور یہ جاگتے میں کیوں نہیں ہو سکتے؟چاہے نیند کا مقصد جو بھی ہو، اس کا پورا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ جس کا ثبوت یہ ہے کہ ہر سال ٹریفک کے لاکھوں حادثات ڈرائیوروں کی نیند پوری نہ ہونے کے باعث ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :