دماغی کام کرنے سے اس کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے، رپورٹ

منگل 2 ستمبر 2008 12:11

نیو یارک (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین02ستمبر2008 )آرام کی غرض سے دفتر سے چھٹی لینا اکثر لوگوں کو پسند ہے مگر ایک جدید سائنسی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دماغی کام کرنے والے افراد کو فائدہ اس میں ہے کہ وہ چھٹی لینے کی بجائے دفتر میں کام کریں ،کیونکہ اس سے ان کی دماغی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک نئی رپورٹ کے مطابق تنخواہ کے علاوہ بھی نوکری کے کئی فوائد ہو سکتے ہیں۔

ڈیوک یونیورسٹی کے نفسیاتی ماہر گائے پاٹر انسانی دماغ پر سائنسی تحقیق کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر دماغ کو استعمال میں نہ لاجائے تو اس کی صلاحیتوں میں کمی آجاتی ہے۔ پاٹر کے مطابق ایک نئی تحقیق بتاتی ہے کہ تعلیم اور ذہانت کا جو بھی درجہ ہو، دماغ کو مسلسل طور پر مصروف رکھنے والے پیشوں کے طبی اور نفسیاتی فوائد بڑھاپے میں بھی نمایاں رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ ہماری تحقیق نے ظاہر کیا ہے کہ ایسی نوکریاں انسانی ذہن کو تیز رکھتی ہیں جن میں تحقیق یا آرگنائیزیشن درکار ہو ، یا مستقل طور پر نئی صورت حال کا سامنہ کرنا ہو۔ پاٹر اور ان کے ساتھیوں نے دوسری جنگ عظیم میں شریک ہونے والے ایک ہزار سے زائد ویٹرنز پر تحقیق کی، جنہوں نے فوج میں بھرتی ہونے سے پہلے انٹیلی جنس ٹیسٹ دیئے تھے۔

ساٹھ سال کی عمر سے یہ افراد باقاعدگی سے ذہانت کی جانچ کرنے کے ٹیسٹ میں حصہ لیتے رہے ہیں۔ سائنسی تحقیق کے مطابق ان میں سے کئی افراد جنہوں نے جنگ کے بعد ایسے پیشے اپنائے جن میں ذہنی کاوش زیادہ درکار تھی، اپنی جوانی کے انٹیلی جنس سکور سے بہت آگے جا چکے ہیں۔ اس کے برعکس جسمانی محنت مشقت والے پیشے اپنانے والوں کے سکور عمر کے ساتھ ساتھ گھٹتے گئے۔

پاٹر کا کہنا ہے کہ گو جسمانی مشقت کے اپنے فوائد ہیں،تاہم کا م کی نوعیت کو بھی مد نظر رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ عموما ایسی نوکری ذہن کے لییفائدہ مند نہیں ہوتی جس میں ایک ہی کام کو بار بار دہرانا پڑے۔ اس کے برعکس، مسائل حل کرنے اور نئے کام سیکھنے سے دماغ کو زیادہ فائدہوتا ہے۔ ذہنی قابلیت پر پیشے کی نوعیت اور عمر کے اثرات کا جائزہ لینے والا یہ پہلا سائنسی مطالعہ ہے۔