قطبِ شمالی انسانی تاریخ میں پہلی بار جزیرہ بن گیا

بدھ 3 ستمبر 2008 13:11

نیو یارک (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین03ستمبر2008 )قطبِ شمالی کی برف انسانی تاریخ میں پہلی بار پگھل گئی ہے، جس سے قطبِ شمالی جزیرہ بن گیا ہے۔ اور اب بحری جہاز قطبِ شمالی کا سفر کر سکتے ہیں۔ یہ تاریخی واقعہ گذشتہ ہفتے مصنوعی سیارے سے لی جانے والی تصاویر سے ظاہر ہوا۔ ان تصاویر سے معلوم ہوا کہ قطبِ شمالی کے شمال مغربی اور شمالی مشرقی سمندر میں واقع برف پگھل گئی ہے جس سے سمندری راستے کھل گئے ہیں۔

جہاز ران کمپنیاں سوا لاکھ برسوں میں پہلی بار کھلنے والے اس سمندری راستے سے فائدہ اٹھانے کی سوچ رہی ہیں۔جرمنی کی بیلوگا کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اگلے برس جاپان کے لیے جہازوں کو اس شمالی مغربی راستے سے بھیجے گی جس سے اسے ساڑھے چھ ہزار کلو میٹر فاصلے کی بچت ہو گی۔اسی دوران کینیڈا کے وزیرِ اعظم سٹیون ہارپر نے اعلان کیا ہے کہ اس گزرگاہ سے گزرنے والے جہاز پہلے کینیڈین حکومت کو اطلاع دیں۔

(جاری ہے)

امریکی خلائی ادارے ناسا کی مصنوعی سیارے سے لی جانے والی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ شمالی مغربی گزرگاہ گذشتہ ہفتے کھلی تھی۔ پچھلے سال آرکٹک کی برف کی سطح میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔ سائنس دانوں کو خدشہ ہے اگلے چند ہفتوں میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے گا۔جب کہ بعض ماہرینِ ماحولیات کہتے ہیں کہ اس سال برف کی یہ تہہ مکمل طور پر ختم ہو سکتی ہے۔ اس واقعے کا برفانی ریچھوں پر گہرا اثر پڑا ہے۔ الاسکا میں برفانی ریچھوں کو غائب ہوتی ہوئی برف کی تلاش میں سینکڑوں میل تیرتے ہوئے پایا گیا ہے۔ ماحولیات کے ماہرین کہتے ہیں کہ دنیا کی برف مکمل طور پر پگھلنے سے سمندروں کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے دنیا بھر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔