اب ایوان صدر سازشوں کا گڑھ نہیں بلکہ جمہوریت کے استحکام کا سرچشمہ ہو گا‘نذر گوندل

پیر 8 ستمبر 2008 13:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔8ستمبر 2008ء ) وفاقی وزیربرائے خوراک و زراعت و لائیو سٹاک نذر محمد گوندل نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کا بطور صدر انتخاب وفاق پاکستان کو مضبوطی اور استحکام دے گا- آصف علی زرداری کے انتحاب نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک واحد سیاسی جماعت ہے جس کی جڑیں چاروں صوبوں کے عوام میں ہیں اور یہ وفاق کی علامت جماعت ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے صدر بننے سے چھوٹے صوبوں کے عوام کے احساس محرومی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی اور بلوچستان سرحد اور قبائلی علاقے جن مسائل سے دو چار ہیں ان کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا-انہوں نے کہا کہ آج محترمہ بے نظیر بھٹو کے تدبر اور قربانی کا صلہ ہے کہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنے خون سے جمہوریت کی آبیاری کی-وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے کے بعد ایوان صدر جمہوری حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کے خلاف سازشوں کا گڑھ نہیں بنے گا بلکہ جمہوریت اور پارلیمان کیلئے مضبوطی اور استحکام کا سرچشمہ ہو گا- وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ہم تمام جمہوری و سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور ہماری تمام سیاسی قوتوں کو دعوت ہے اور ان سے درخواست ہے کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر چلیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادں پر حل کیا جا سکے-

متعلقہ عنوان :