ذرائع ابلاغ کے نمائندے خبروں کو آن ایئر دینے یا اشاعت سے قبل ان کی صحت کے بارے میں تصدیق کر لیا کریں،حیدرہوتی

پیر 8 ستمبر 2008 20:26

پشاور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین08ستمبر2008 )صوبہ سرحد کے وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے ایک نجی ٹی وی چینل اور بعض اخبارات میں شائع ہونے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کو شکایت کی ہے کہ وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک سرحد پولیس سے براہ راست رابطوں کے ذریعے سرحد حکومت کو بائی پاس کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے آج یہاں سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی انجینئروں کے اغواء سمیت امن و امان سے متعلق تمام معاملات پر سرحد حکومت اور وفاقی وزارت داخلہ کے مابین مکمل رابطہ اور ہم آہنگی موجود ہے۔وزیراعلیٰ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اس قسم کی خبروں کو آن ایئر دینے یا اشاعت سے قبل ان کی صحت کے بارے میں تصدیق کر لیا کریں کیونکہ غیر مصدقہ اطلاعات کی اشاعت سے بدگمانیاں اور غلط فہیماں جنم لیتی ہیں۔