لاڑکانہ کے قریب جدید اسلحے سے لیس مسلح افراد کی جانب سے شب خون‘ نیند میں سوئے ہوئے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک

منگل 9 ستمبر 2008 21:42

لاڑکانہ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09ستمبر2008 ) لاڑکانہ کے قریب جدید اسلحے سے لیس مسلح افراد کی جانب سے شب خون‘ نیند میں سوئے ہوئے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بہرام تھانے کی حدود شہر بہرام میں منگل کی شب علی حیدر مگسی کے گھر میں جدید ہتھیاروں سے مسلح افراد نے دھاوا بول کر اپنے ہتھیاروں کے منہ کھول دیئے جس کے باعث مالک مکان 55 سالہ علی حیدر مگسی اور ان کی دو بیویاں مسماة 55 سالہ نواب خاتون اور 50 سالہ نور خاتون موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ مقتول کا 15 سالہ پوتا نظام الدین ولد عبدالنبی مگسی ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔

4 افراد کی ہلاکت کے واقعہ پر علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ واقعہ کے بعد ملزمان شدید فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم گرفتاری کوئی عمل میں نہیں آئی۔ ملزمان کی سفاکانہ کارروائی دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے۔ رابطہ کرنے پر ڈی پی او قمبر شہداد کوٹ پرویز عمرانی نے بتایا کہ پولیس کارروائی کررہی ہے جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :