بھارت میں ڈینگی وائرس سے 87 افراد ہلاک، وزیر اعظم من موہن سنگھ کے خاندان کے افراد بھی متاثر

بدھ 4 اکتوبر 2006 22:21

دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اکتوبر۔2006ء) بھارت میں ڈینگی وائرس کی وبا نے وزیر اعظم من موہن سنگھ کے خاندان کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ڈینگی فیوز اور مچھروں کے کاٹنے سے ہونے والی ایک اور بیماری چکن گنیا کے باعث اب تک 87 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور سینکڑوں مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کے دو نواسے اور ایک داماد بھی ڈینگی فیور میں مبتلاء ہو چکے ہیں۔

دہلی کے ہسپتال میں ان کے ٹیسٹ کئے گئے جن کی رپورٹ میں ڈینگی فیور کی تصدیق ہو گئی، اگست کے آخر میں بھارت کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں مچھروں کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماریوں ڈینگی اور چکن گنیا کی وجہ سے ہسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں۔ حکام کے مطابق دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ڈینگی فیور سے مرنے والوں کی تعداد سولہ ہو گئی ہے، جبکہ جنوبی ریاست کیرالہ میں صورت حال زیادہ پریشان کن ہے جہاں چکن گنیا کی لپیٹ میں آ کر 71 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سمیت متعدد ہسپتالوں میں عملے، آلات اور دواؤں کی کمی کا سامنا ہے۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز میں ایک ڈاکٹر بھی ڈینگی فیور سے ہلاک ہو چکا ہے جبکہ انیس فزیشن اور میڈیکل کے طلبہ بھی اس بیماری کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :