امریکہ میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بیٹے محمد احمد کو اسلام آباد میں اس کی خالہ فوزیہ صدیقی کے حوالے کردیا گیا ،احمد بظاہر تندرست تاہم دماغی طور پر غیر مستحکم ہے،ڈاکٹر فوزیہ صدیقی۔اپ ڈیٹ

پیر 15 ستمبر 2008 20:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر۔2008ء) امریکہ میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بیٹے محمد احمد کو اسلام آباد میں اس کی خالہ فوزیہ صدیقی کے حوالے کردیا گیا ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے کہاہے کہ انہیں ان کے بھانجے کے ملنے کے بعد بے حدخوشی ہوئی ہے ۔تاہم بچے کی دماغی کیفیت کو مکمل طورپرنارمل قرارنہیں دیا جاسکتا۔

اسلام آباد میں ڈاکٹر عافیہ کے بیٹے کی حوالگی کے موقعے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ احمد صدیقی کودوران قیدمختلف نام دیئے گئے ۔اسے احمد کے بجائے احسن یاعلی کے نام سے بھی پکاراگیاجس کے نتیجے میں وہ اپنانام بھی یاد نہیں رکھ سکا۔انہوں نے کہا کہ ماہرین کی رپورٹ کے بعد وہ اپنے بھانجے کا مکمل علاج کرائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ احمدصدیقی بظاہرتندرست نظرآرہاہے تاہم دماغی طورپر غیر مستحکم ہے ۔

فوزیہ صدیقی نے بتایاکہ تمام معاملات میں انہیں حکومت کا تعاون حاصل ہے ۔ پاکستانی وزارت داخلہ اور خارجہ کے حکام نے محمد احمد کو اس کے خاندان کے حوالے کیا۔ اس سے قبل اسے افغانستان سے چکلالہ ایئرپورٹ راولپنڈی لایا گیا۔ جہاں اسے سخت سیکورٹی میں خاندان کے افراد سے ملانے کیلئے اسلام آباد پہنچایاگیا۔ پاکستان آمد سے پہلے محمد احمد کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کیا گیا تھا۔ دوسری جانب کابل میں افغان وزیر خارجہ کے ترجمان سلطان احمد بیہم کا کہنا ہے کہ محمد احمد قیدی نہیں تھا اور اسے مہمان خانے میں رکھا گیا۔ محمد احمد کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ہمراہ پانچ سال قبل مبینہ طور پر کراچی سے اغوا کیا گیا تھا ۔