چین میں مضر صحت دودھ سے متاثرہ بچوں کی تعداد 6ہزار سے تجاوز کر گئی ،تین بچے ہلاک

بدھ 17 ستمبر 2008 15:34

بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین17ستمبر2008 ) چین میں مضر صحت دودھ پینے سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد چھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے،اب تک مضر دودھ پینے سے تین بچے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ158کی حالت تشویشناک ہے ۔چینی میڈیا کے مطابق حکومت نے مضر صحت خشک دودھ کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد پہلی مرتبہ متاثرین کے اعدادوشمار جاری کردیئے ۔ چین کے وزیر صحت شین زو کے مطابق خشک دودھ میں پلاسٹک کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل میلا مائن ملانے کے ثبوت ملے ہیں ۔

(جاری ہے)

مضر صحت دودھ سے چھ ہزار 244 بچے متاثر ہوئے ۔ چار ہزار970 بچے علاج کے بعد گھر بھیج دیئے گئے ۔ انھوں نے کہاکہ 1327 بچے ہسپتال میں زیر علاج ہیں جس میں سے158 کی حالت تشویشناک ہے ۔دوسری جانب چین کے محکمہ کوالٹی کنٹرول کے سربراہ لی چانگ جیان نے بتایا کہ چین میں بائیس کمپنیوں کے خشک دودھ میں میلا مائن ملانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ میلامائن نامی کیمیکل عام طور پر پلاسٹک کے برتن بنانے میں استعمال ہوتا ہے ۔ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد چین کی فوڈ انڈسٹری شدید بحران سے دو چار ہوگئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :