بلو چستان میں کانگو وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 35ہو گئی

اتوار 21 ستمبر 2008 12:26

کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین21ستمبر2008 )محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے صوبائی دارالحکومت کے اسپتالوں میں 35کے لگ بھگ ایسے مریض لائے گئے ہیں جو کانگو وائرس سے متاثر ہیں۔اْنھوں نے کہا کہ اِن مریضوں میں اکثر افغانستان کی سرحد کے قریب قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور موسیٰ خیل اضلاع کے رہائشی ہیں۔

(جاری ہے)

فاطمہ جناح ٹی بی سنیٹوریم سے کانگو وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے ایک علیحدہ وارڈ مختص کیا گیا ہے جِس کے انچارج ڈاکٹر عبد الجبار نے کہا کہ اِن مریضوں کی تعداد میں اِس سال نمایاں اضافہ ہوا ہے، جِس سے گذشتہ پانچ ماہ کے دوران چھ افراد ہلاک ہوئے۔

ڈاکٹر عبد الجبار نے کہا کہ اِس بیماری کے پیدا ہونے اور پھیلنے کی اہم وجہ جانوروں میں پایا جانے والا ایک چیچڑ یا ٹِک ہے جِس سے اِن جانوروں پر اسپرے کرکے ختم کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ صوبے کے شمال مشرق میں لورالائی اور پارہ چنار میں سال 2005ء کے دوران کانگو بخار سے 21افراد ہلاک ہوئے تھے۔