برطانیہ پاکستان کو ماں و بچے کی صحت کے حوالے سے پروگرام کیلئے 10 ارب روپے کی مالی امداد دے گا، گریتھ تھامس،موجودہ پروگرام کے تحت سال 2006ء سے 2011ء تک سالانہ 30 ہزارخواتین اور ایک لاکھ نومولود بچوں کی زندگیوں کو بچایا جا سکے گا، حکومت نے دوران زچگی اور نومولود بچوں کی شرح اموات میں کمی لانے کیلئے ماں و بچے کی صحت کے حوالے سے پروگرام کا آغازکیا، وفاقی وزیر صحت محمد نصیر کی برطانوی وزیر کے ہمراہ صحافیوں کو بریفنگ

جمعرات 5 اکتوبر 2006 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اکتوبر۔2006ء) برطانیہ نے کہاہے کہ وہ پاکستان میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے پروگرام کیلئے تقریباً 10 ارب روپے بطور مالی امداد فراہم کرے گا جس کے تحت آئندہ پانچ سالوں میں تقریباً سالانہ 30 ہزار خواتین اور ایک لاکھ نومولود بچوں کی زندگیوں کو بچایا جا سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں وزیر برائے عالمی ترقی گریتھ تھامس نے وفاقی وزیر صحت محمد نصیر خان کے ہمراہ صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت سید انو محمود بھی موجود تھے۔ برطانوی وزیر گریتھ تھامس نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں ماں اوربچے کے پروگرام کیلئے 90 ملین پاؤنڈ (10 ارب روپے) فراہم کریگا کیونکہ پاکستان میں تقریباً 25 سے 30 ہزار خواتین حمل کے دوران جاں بحق ہوجاتی ہیں جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار نومولود بچے پہلے ہی ماہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

مدر اینڈ چائلڈ پروگرام کے تحت سال 2006ء سے 2011ء تک تقریباً سالانہ 30 ہزارخواتین اورایک لاکھ نومولود بچوں کی زندگیوں کو بچایا جا سکے گا جبکہ 35 لاکھ خواتین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہیلتھ سسٹم لانے سے پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ خاندانوں کی صحت اور معیار زندگی بلند ہوگا۔ جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت محمد نصیر خان نے کہا کہ حکومت نے دوران زچگی خواتین اور نامعلوم بچوں کی شرح اموات میں اضافہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں کمی لانے کیلئے مدر ا ینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام کا آغاز کیا جس کیلئے 70 فیصد رقم حکومت پاکستان نے حاصل کی ہے اور باقی رقم بین الاقوامی اداروں سے حاصل کی گئی ہے اس پروگرام کے تحت دس ہزارسے زائد داؤں کو ضروری ٹریننگ، 275 ہسپتال میں ایمرجنسی سہولیات، 550 بنیادی مراکزصحت میں طبی سہولیات، 15 ہزارہیلتھ سٹاف کو ٹریننگ اور تمام ضلعی اورتحصیل ہسپتالوں میں بچوں کی صحت کے حوالے سے سہولیات کی فراہمی کیلئے 80 فیصد تک یقینی بنانا وغیرہ شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :