پاکستان اہم اتحادی ہے، اخلاقی اور مالی مدد جاری رکھیں گے،امریکہ ۔۔ 5 سالوں میں تعلیم، صحت، نظم و نسق، اقتصادی ترقی اور سلامتی کے لئے تین ارب ڈالر کی امداد دی جائے گی،امریکی سفیر۔ (تفصیلی خبر)

جمعرات 5 اکتوبر 2006 23:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اکتوبر۔2006ء) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی اخلاقی اور مالی مدد جاری رکھی جائے گی۔ تعلیم، صحت، نظم و نسق، اقتصادی ترقی اور سلامتی کے لئے پاکستان کو تین ارب ڈالرز کی مداد دی جائے گی۔ یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام قبائلی علاقوں کی پانچ ایجنسیوں میں 65 پرائمری، مڈل اور ثانوی سکولوں کی تعمیر اور تزہین و آرائش کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان میں امریکی سفیر ریان سی کروکر نے جمعرات کے روز یہاں پشاور میوزیم اور خیبر ایجنسی میں گورنمنٹ آف ایلمنٹری ٹیچرز میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کے دوران کیا۔ ریان سی کروکر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ مضبوط اتحادی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ امریکہ پاکستان کی اخلاقی اور مالی مدد جاری رکھے گا اور پانچ سال کے دوران تعلیم، صحت، نظم و نسق، اقتصادی ترقی اور سلامتی کے لئے پاکستان کو تین ارب ڈالرز کی امداد دی جائے گی۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان میں کئی فلاحی منصوبوں کے لئے خطیر امدادی رقم فراہم کی ہے اور اس سلسلے میں کئی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے تاریخی مقام گورگھٹ ری کی تاریخی حیثیت بحال کرنے کے لئے امریکی حکومت نے پینتیس ہزار ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔ امریکی سفیر نے قبائلی علاقوں میں خواتین اساتذہ کی تربیت کے لئے قائم ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام قبائلی علاقوں کی پانچ ایجنسیوں میں پینسٹھ پرائمری، مڈل اور ثانوی اسکولوں کی تعمیر اور تزہین و آرائش کی جائے گی۔