ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس،عدالت میں بے گناہی کی درخواست دائر۔۔۔ عدالت کا طبی اور نفسیاتی معائنہ کا حکم ،اگلی سماعت17دسمبر کوہوگی

بدھ 24 ستمبر 2008 11:57

نیو یارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 24ستمبر 2008ء) امریکی عدالت میں پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی غیر موجودگی میں ان کی طرف سے بے گناہی کی درخواست دائر کر دی،جبکہ عدالت نے انکے طبی اور نفسیاتی معائنہ کا حکم دیا ہے، ان معائنوں کے نتائج آنے پر 17دسمبر کو اگلی پیشی ہوگی۔ امریکی عدالت میں گزشتہ روزپاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی سماعت ہوئے جس کے بعد عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی غیر موجودگی میں ان کی طرف سے بے گناہی کی درخواست دائر کر دی تاہم ابھی تک اس کا فیصلہ نہیں ہوا کہ ڈاکٹر صدیقی کی ذہنی حالت اس قابل ہے یا نہیں کہ ان پر یہ مقدمہ چلایا جا سکے۔

جج رچرڈ برنز کے مطابق عدالت یہ فیصلہ بھی کرے گا کہ معائنوں اور علاج کے لیے انہیں کہاں منتقل کرنا مناسب ہوگا۔

(جاری ہے)

ان معائنوں کے نتائج آنے پر 17دسمبر کو اگلی پیشی ہوگی۔ اس میں اگر ڈاکٹر صدیقی کو ذہنی طور پر صحت مند پایا گیا تو اگلے سال نو مارچ کو ان پر مقدمے کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ پچھلی پیشی میں وکیل صفائی نے درخواست دائر کی تھی کہ ڈاکٹر عافیہ کا ذہنی معائنہ کرایا جائے کیونکہ وہ اس قابل نہیں کہ ان پر یہ مقدمہ چلایا جائے۔

استغاثہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ذہنی حالت کا اندازہ لگانا مشکل ہے کیونکہ وہ قید خانے کے ذہنی ماہرین کی طرف سے کسی بھی قسم کے معائنے کے لیے تیار نہیں۔ جبکہ وکیل صفائی الزبتھ فنک کے مطابق پچھلے کئی ہفتوں سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے رویہ اور جیل کے میڈیکل سٹاف کی رپورٹوں سے ظاہر ہے کہ وہ ’سخت ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔‘انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ڈاکٹر عافیہ کو صرف معائنے ہی نہیں بلکہ فوری علاج کی بھی ضرورت ہے، اس لیے انہیں جیل سے نکال کر ایسی جگہ منتقل کیا جائے جہاں ان کا علاج بھی ممکن ہو اور وہ اپنے وکلا اور خاندان والوں سے بھی مل سکیں۔

ڈاکٹر عافیہ کی وکیل الزبیتھ فنک نے عدالت کو بتایا کہ ان کو موکل عافیہ صدیقی جیل سے آتے جاتے جسمانی تلاشی کے وجہ سے عدالت میں پیش ہونے سے قاصر ہیں- استغاثہ کے مطابق، عافیہ صدیقی جیل میں اپنے سیل میں ایک طرف کمبل لیے ہوئے بیٹھی ہیں اور مسلسل اپنے طبی یا نفسیاتی معائنے سے انکار کر رہی ہیں۔ عافیہ صدیقی کی وکیل نے استغاثہ کی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا اور عدالت سے درخواست کی کہ عافیہ صدیقی کا علاج کروایا جائے- وکیل نے طبی اور نفسیاتی معائنے کیلیے نیویارک کے ایلمرسٹ ہسپتال کا نام تحویز کیا۔

گزشتہ روز سابقہ تاریخوں کی نسبت کم لوگ عافیہ صدیقی کیخلاف مقدمے کی کارروائی سننے کے لیے عدالت میں موجود تھے۔عافیہ صدیقی کیخلاف مقدمے کی سماعت کی اس تاریخ کو کوریج کے لیے فقط دو پاکستانی صحافی موجود تھے جسکی وجہ دوران ہفتہ ان کی آصف زرداری کے دورے میں مصروفیت بتائی جاتی ہے- جبکہ عدالت کی عمارت کے سامنے پاکستانیوں کے گروپ عافیہ صدیقی کی حمایت میں مظاہرہ کر رہے تھے-

متعلقہ عنوان :